جدہ میں تین روزہ انڈین فوڈ فیسٹول کا انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-05

جدہ میں تین روزہ انڈین فوڈ فیسٹول کا انعقاد

جدہ
اردو نیوز (سعودی عرب)
ہندوستانی قونصل جنرل بی ایس مبارک نے کہا ہے کہ انڈین کھانے دنیا بھر میں مقبول ہیں ۔ وہ ایلاف ہوٹل میں منعقدہ تین روزہ انڈین فوڈ فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ ان کے ہمراہ ایلاف گروپ آف عمرہ و سیاحت ٹو رکمپنی کے نائب صدر محمد محفوظ اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ قونصل جنرل نے مزید کہا کہ مملکت میں بھی ہندوستانی کھانوں کو کافی پسند کیاجاتا ہے ۔ ایلاف گروپ کی جانب سے یہ تیسرا فوڈ فیسٹول ہے جو منعقد کیاجارہا ہے اس فیسٹول میں ہندوستسان سے تین معروف شیف شرکت کررہے ہیں جو مغلائی اور ایشیائی کھانوں کو یہاں متعارف کروائیں گے ۔ قبل ازیں ایلاف گروپ آف کمپنیز کے نائب صدر زیاد بن محفوظ نے فیسٹول کے انعقاد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ2012اور2013میں انڈین قونصلیٹ کے تعاون سے فوڈ فیسٹول منعقد کیاجاچکا ہے جو کافی کامیاب رہا سابقہ تجربے کو دیکھتے ہوئے امسال بھی تین روزہ فوڈ فیسٹول منعقد کیاجارہاہے ۔ انڈین کھانے سعودی معاشرے میں بھی کافی پسند کئے جاتے ہیں ۔ ہندوستان کے ساتھ مملکت کے تعلقات دوستانہ ہیں جن میں ہرگزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے ۔ فوڈ فیسٹول کے انعقاد سے ان میں مزید استحکام آئے گا۔ دیگر شہروں میں اس قسم کے فوڈ فیسٹول کے انعقاد کے حوالے سے سوال پر انکا کہنا تھا کہ ایلاف گروپ آف کمپنیز کے تحت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی ہوٹل موجود ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ وہاں بھی اس قسم کے فوڈفیسٹول منعقد کئے جائیں تاکہ دو طرقہ تعلقات مزید مستحکم ہوں ۔ افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی معروف کالم نگار خالد المعنیا تھے ۔ انہوں نے فوڈ فیسٹول کے انعقاد پر قونصل جنرل ہند اور ایلاف گروپ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انڈیا اور سعودی عرب کے تعلقات زمانہ قدیم سے ہیں مکہ مکرمہ میں مدرسہ صولتیہ جو آج بھی قائم ہے وہ ہندوستانی خاتون نے قائم کیا تھا۔ ہندوستانی کھانوں کا جدا اور منفرد انداز ہے جسے ہر کوئی پسند کرتا ہے۔ فوڈ فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے میلوں سے دونوں ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے کے بارے میں جاننے کا موقع ملتا ہے جس سے تعلقات مزید بہتر ہوتے ہیں ۔

a three-day Indian food festival in Jeddah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں