ایران پر سعودی عرب کے موقف کو او آئی سی کی حمایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-23

ایران پر سعودی عرب کے موقف کو او آئی سی کی حمایت

جدہ
رائٹر
مسلم ممالک کی سب سے بڑی عالمی تنظیم نے کل رات جاری کردہ ایک بیان میں ایران کے تعلق سے سعودی عرب کے موقف کی حمایت کی اور تہران پر الزام عائد کیا کہ وہ دہشت گردی کی حمایت کررہا ہے اور دیگر ممالک کے امور میں مداخلت کررہا ہے ۔ سعودی عرب کے شہر جدہ میں قائم تنظیم اسلامی تعاون( او آئی سی) نے2جنوری کو ایرانی مظاہرین کی جانب سے سعودی عرب کے سفارتخانہ اور قونصلیٹ میں گھس پڑنے کے واقعہ پر ریاض میں اپنا ایک خصوصی اجلاس طلب کیا تھا۔ یہ بحران اس وقت شروع ہوا جب سعودی عرب میں ایک دن قبل شیعہ عالم نمر النمر کو سزائے موت دی گئی ۔ او آئی سی کے اس نمائندہ اجلاس میں ایرانی حکومت کو تمام مسلمانوں کی جانب سے سخت پیغام دیاگیا ہے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایران کی بعض پالیسیوں کے باعث کسی بھی خلیجی ملک کے تہران کے ساتھ اچھے تعلقات قائم نہیں ہیں ۔ اس کا قصور وار خو د ایران ہے۔ جدہ میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ میں تہران میں سعودی عرب کے سفارتخانہ اور مشہد میں قونصل خانے پر مشتعل ہجوم کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ بیان میں کہا گیا کہ اسلامی ممالک ، ایران کی دوسرے ممالک میں مداخلت کی پالیسی کو مسترد کرتے ہیں ۔ خطہ کے ممالک میں ایران کی مداخلت اشتعال انگیزی کو فروغ دینے کا موجب بن رہی ہے ۔ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ تہران حکومت بحرین، یمن ، شام ، صومالیہ اور دوسرے ملکوں میں مداخلت کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی حمایت کررہی ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی کے سکریٹری جنرل نے کسی ملک کا نام لئے بغیر کہا کہ تنظیم کے رکن ملکوں کے مابین بحران اسلامی دنیا میں سیاسی پھوٹ کو مزید گہرا کرنے کا موجب بن رہے ہیں ۔ خیال رہے کہ جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کا یہ اجلاس ایک ایسے وقت منعقد ہوا ہے جب تنظیم کے دو اہم رکن ملکوں سعودی عرب اور ایران کے درمیان سخت تناؤ پایاجارہا ہے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات بھی تعطل کا شکار ہیں۔

World Islamic body backs Saudi stance in Iran spat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں