شمالی کوریا کی اشتعال انگیزی کے خلاف امریکہ اور چین مشترکہ کارروائیوں پر متفق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-09

شمالی کوریا کی اشتعال انگیزی کے خلاف امریکہ اور چین مشترکہ کارروائیوں پر متفق

واشنگٹن
پی ٹی آئی
امریکہ اور چین نے شمالی کوریا کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے خلاف مناسب کارروائیوں میں سے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور یکجہتی سے اتفاق کرلیا ہے ۔ دو روز قبل شمالی کوریا نے ہائیڈروجن بم کے کامیاب تجربہ کا دعویٰ کیا تھا ۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور ان کے چینی ہم منصب وانگ ای نے ٹیلیفونی بات چیت کے دوران شمالی کوریا کی حرکتوں اور اشتعال انگیز کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں قائدین نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ ایسی تمام کارروائیاں بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے انتہائی سنگین خطرہ ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکہ اور چین نے اقوام متحدہ کی سیکوریٹی کونسل میں بھی چھ فریقی بات چیت میں شامل شراکت داروں کے ساتھ شمالی کوریا کے خلاف انتہائی مناسب کارورائی میں باہمی تعاون پر بھی رضا مندی کا اظہار کیا ۔ درایں اثناء وائٹ ہاؤز نے اس بات کی توثیق کی کہ امریکہ ، خطہ میں اپنے تمام حلیفوں اور شراکت داروں (بشمول جنوبی کوریا) کے ساتھ شمالی کوریا کی خلاف ورزیوں سے متعلق بین الاقوامی رد عمل کے اظہار پر مشاورت ہوگی ۔ اقوام متحدہ میں اس موضوع پر بات چیت شروع ہوچکی ہے ۔ وائٹ ہاؤز پریس سکریٹری جوش ارنیسٹ نے مزید بتایا کہ شراکت داروں کے ساتھ مشاوتی عمل شروع ہوچکا ہے ۔ایک دن قبل امریکی مشیر قومی سلامتی سوسان رائس نے وائٹ ہاؤز میں چینی سفیر کے ساتھ بات چیت کی تھی۔ اوباما انتظامیہ چینی عہدیداروں کے ساتھ مسلسل ربط میں ہیں۔ جوش ارنیسٹ نے یہ بھی بتایا کہ امریکہ چینی قیادت سے، شمالی کوریا پر اپنے تمام اثرورسوخ کو بروئے کار لانے کی درخواست کرے گا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ بین الاقوامی برادری میں اس حوالہ سے مکمل اتفاق رائے موجود ہے ۔ تمام ممالک یہ باور کرتے ہیں کہ شمالی کوریا کی جانب سے ہائیدروجن بم تجربہ انتہائی اشتعال انگیز کارروائی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ علاوہ ازیں یہ حرکت سیکوریٹی کونسل کی قرار دادوں کی بھی خلاف ورزی ہے ۔

U.S China agree on joint actions against N.Korea

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں