یوم جمہوریہ سے قبل کشمیر میں سخت سیکوریٹی انتظامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-24

یوم جمہوریہ سے قبل کشمیر میں سخت سیکوریٹی انتظامات

جموں ، سری نگر
آئی اے این ایس
پٹھان کوٹ دہشت گرد حملہ کے پس منظر میں انٹلیجنس ایجنسیاں اور سیکوریٹی فورسس جموں و کشمیر میں مجوزہ یوم جمہوریہ تقاریب کے انتظامات کا یومیہ اساس پر جائزہ لے رہی ہیں ۔ ایک سینئر انٹلی جنس عہدیدار نے بتایا کہ سیکوریٹی جائزہ لینے کے لئے یومیہ اساس پر میٹنگس منعقد کی جارہی ہیں تاکہ ریاست میں یوم جمہوریہ تقاریب کے موقع پر سیکوریٹی سے متعلق ہر چیز پر نظر ثانی کی جاسکے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جموں میں قائم فوج کی16کارپس اور سری نگر میں قائم پندرہ کارپس ان جائزہ اجلاسوں میں سر گرمی سے حصہ لے رہی ہیں۔ عہدیدار نے کہا کہ پٹھان کوٹ دہشت گرد حملہ کے بعد ریاست بھر میں سیکوریٹی تنصیبات کی صیانت پر پوری توجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔ یوم جمہوریہ کی اصل پریڈ اور پرچم کشائی تقریب جموں میں مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی ۔ گورنر این این ووہرا سلامی لیں گے ۔ اس مقام کو محفوظ بنانے زائد از ایک ہزار سیکوریٹی جوان تعینات کئے گئے ہیں ۔ ہفتہ کے دن پریڈ کی قطعی ریہرسل کے بعدا س کی مجموعی سیکوریٹی فوج کے حوالہ کردی جائے گی ۔1995ء میں جب اس وقت کے گورنر جنرل کے وی کرشنا راؤ یوم جمہوریہ تقریب سے خطاب کررہے تھے تو اسٹیڈیم کے اندر سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے تھے ،12افراد ہلاک اور دیگر60زخمی ہوگئے تھے ، منتخبہ حکومت کی غیر موجودگی میں کشمیر کے ڈویژنل کمشنر اصغر سامون، سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں سلامی لیں گے ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ الیکٹرانک رسائی کنٹرول ، سازو سامان ، انسانی نگرانی کے علاوہ سیکوریٹی فورسس ڈرون طیاروں کا نگرانی کے لئے استعمال کررہے ہیں ، جموں اور سری نگر شہر میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی بھرپور تلاشی لی جارہی ہے ، تاکہ عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کو روکا جاسکے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا ایسی بات نہیں ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران ہماری تیاریاں کچھ کم تھیں ، البتہ پٹھان کوٹ حملہ کے پس منظر میں تمام امور کا از سر نو جائزہ لینے کے بعد ہم نے پٹرولنگ میں اضافہ کردیا ہے ، جوانوں کی تعیناتی اور سیکوریٹی آلات کی تنصیب کو بہتر بنایا گیا ہے ۔

Tight security in Jammu and Kashmir ahead of Republic Day

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں