وزیر اعظم کے ہاتھوں اسٹارٹ اپ ایکشن پلان کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-17

وزیر اعظم کے ہاتھوں اسٹارٹ اپ ایکشن پلان کا آغاز

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے نوجوانوں میں صنعتکاری و تجارت کا جذبہ بڑھانے اور اختراعی صلاحیت پر زور دینے کے لئے آج یہاں اسٹارٹ اپ انڈیا مہم کا آغاز کیا۔ امریکہ کے سلیکان ویلی میں واقع اسٹارٹ اپ کمپنیوں کے نمائندوں سمیت ملک کے تقریبا1,500اسٹارٹ اپ سربراہوں کی موجودگی میں مودی نے اس مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لئے پرعزم ہے۔ گزشتہ70برسوں میں جو کچھ نہ ہوسکا، وہ سب اسٹارٹ اپ کے بل پر کرسکتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی سوچ الگ ہے ۔ بیشتر لوگوںکو لگتا ہے کہ حکومت کو یہ کرنا چاہئے ، وہ کرنا چاہئے ۔ لیکن وہ الگ سوچتے ہیں کہ حکومت کو کیا نہیں کرنا چاہئے ۔ انہوں نے وہاں موجود نئے صنعت کاروں سے یہ دریافت کیا کہ آپ بتائیں کہ ہمیں کیا نہیں کرنا چاہئے۔ مودی نے اسٹارٹ اپ ایکشن پلان بھی جاری کیا۔ انہوں نے کہا ہمت کرنے والا اور جوکھم اٹھانے والا ہی کامیاب ہوتا ہے ۔ بینک بیلنس دیکھنے والا آگے نہیں بڑھ سکتا ۔ اختراع پر مبنی پروگرام ان طلبہ کے لئے شروع کیاگیاہے جو صنعت کاری یا تجارت کے لئے غیر معمولی خیالات رکھتے ہیں ۔ حکومت اس کام کے لئے دو ہزار کروڑ روپے کا ایک فنڈ قائم کرے گی ، اس کے علاوہ آئندہ پانچ برسوں کے دورا ایکشن پلان پر دس ہزار کروڑ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔500کروڑ روپے کا رپس فنڈ کے ساتھ ایک کریڈیٹ گیارینٹی اسکیم بھی شروع کی گئی ہے ۔ نوجوان، جو اپنا بزنس شروع کرنا چاہتے ہیں ۔، انہیں 90دنوں کا موقع دیاجائے گا۔ وزیرا عظم نے کہا کہ نوجوانوں کو سماج سے در پیش مزاحمت سے نہیں گھبرانا چاہئے بلکہ غلط تاویلات کے خلاف لڑنا چاہئے اور یہی چیز آپ کو کامیاب بنائے گی۔ مودی نے کہا کہ لوگوں کو جوکھم اٹھانے کی صلاحیت رکھنی چاہئے ۔ قبل ازیں وزیر اعظم نے وگیان بھون میں اسٹارٹ اپ پر منعقدہ ورچوئل نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر فینانس ارون جیٹلی ، کامرس و صنعت وزیر نرملا سیتا رمن، وزیر مملکت برائے خزانہ جینت سنہا اور صنعتی پالیسی اور افزودگی محکمہ کے سکریٹری امیتابھ کانت بھی موجود تھے ۔ مودی نے اسٹارٹ اپ صنعتکاروں سے ان کی پیداوار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ خاتون اسٹارٹ اپ صنعت کاروں نے ان کے ساتھ سیلفی بھی لی۔

Startup India: PM Modi's Action Plan In 10 Points

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں