رام مندر مسئلہ - سپریم کورٹ کے فیصلے پر حکومت عمل کرے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-19

رام مندر مسئلہ - سپریم کورٹ کے فیصلے پر حکومت عمل کرے گی

بنگلورو، دیوریانادرگا
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر رام ولا س پاسوان نے آج کہا کہ حکومت ، رامن مندر کے حامی زعفرانی قائدین کے جذباتی بیانات پر نہیں بلکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی بنیاد پر رام مندر کے مسئلہ پر عمل کرے گی ۔ لوک جن شکتی پارٹی کے قائد نے کہا کہ اس مسئلہ پر ان کی پارٹی اور بی جے پی کے تعلقات میں تلخی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیوں کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کی بنیاد پر عمل کرے گی۔ علازہ ازیں وزیر اعظم کی سیاست ترقی کے اطراف گھومتی ہے رام مندر ، بابری مسجد اور یکساں سیول کوڈ جیسے متنازعہ مسائل پر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی گزشتہ ڈھائی سالہ حکومت میں وزیر اعظم نے ایک مرتبہ بھی رام مندر ، بابری مسجد، یکساں سیول کوڈ اور دفعہ370کے تعلق سے بات نہیں کی۔ ان کا واحد مقصد ملک کی ترقی اور نوجوانوں کی بے چینی کو دور کرنا اور ہندوستان کی شبیہ کو بین الاقوامی سطح پر طاقتور بنانا ہے جسے مودی سے بہتر کوئی وزیر اعظم نہیں کرسکتا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مودی کی شبیہ خراب ہونے اور اس مسئلہ پر ایل جے پی اور بی جے پی کے تعلقات میں تلخی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیوں کہ این ڈی اے حکومت رام مندر مسئلہ پر پروین توگڑیا سمیت زعفرانی قائدین کے رام مندر کی حمایت میں جذباتی بیانات پر نہیں بلکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرے گی ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پاسوان نے کہا کہ جی ایس ٹی بل میں محصولات فیصد کی کیپنگ کا مطالبہ کرنے کا کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کو اخلاقی حق نہیں ہے کیوں کہ انہوں نے یو پی اے کی ایک دہائی پر مشتمل حکمرانی کے دوران اس پر کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کو گزشتہ سال منظور ہوجانا چاہئے تھا۔ وہ (کانگریس) راجیہ سبھا میں اکثریت کے حامل ہیں اور ا پنے مفاد کے لئے اس موقف کا بیجا استعمال کررہے ہیں ۔ یہ اچھا نہیں ہے ۔ جب پوچھا گیا کہ جی ایس ٹی بل پر تذبذب مودی کی شبیہ خراب کررہا ہے یا کانگریس کی تو انہوں نے کہا کہ کانگریس کی شبیہ سے کہیں زیادہ ملک کی شبیہ خراب ہوئی ہے ۔ ہفتہ کے روز ممبئی میں مینجمنٹ طلباء سے خطاب کے دوران راہول گاندھی کے اس تبصرہ پر کہ ملک اگر عدم روادار رہا تو اسٹارٹ اپ کے محاذ پر ناکام ہوجائے گا، پاسوان نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے مودی کے اسٹارٹ اپ انڈیا اسٹانڈ اپ انڈیا کی پہل کو عدم رواداری کے مسئلہ سے جوڑنا غیر منصفانہ ہے ۔ پاسوان نے الزا م عائد کیا کہ یہ اسٹارٹ اپ انڈیا اسٹانڈ اپ انڈیا پہل سے توجہ ہٹانے کانگریس کی کوشش کے سوا کچھ نہیں جب کہ اس پروگرام سے عوام بالخصوص دلتوں، کسانوں اور غرباء کو فائدہ پہنچے گا ۔ مزید برآں ملک میں عدم رواداری جیسا کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ اور اپوزیشن جماعتیں سیاسی مفاد کے لئے اس مسئلہ کو اٹھا رہی ہیں ۔ بہار کی صورتحال پر پوچھے جانے پر پاسوان نے دعویٰ کیا کہ جے ڈی یو اور آر جے ڈی کی مخلوط حکومت دو برسوں میں زوال پذیر ہوجائے گی کیونکہ لالو پرساد اور چیف منسٹر نتیش کمار کے درمیان اختلافات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی یو، آر جے ڈی حکومت دو برسوں میں زوال سے دوچار ہوجائے گی کیوں کہ دونوں قائدین کے درمیان اختلافات بڑھ رہے ہیں ۔ لالو جی کے پاس عددی طاقت ہے اور وہی ہدایت دے رہے ہیں ۔ نتیش جی بے بس ہیں کیوں کہ ان کے پاس عددی طاقت کم ہے ۔

Government would act on basis of SC verdict on Ram mandir issue: Ram Vilas Paswan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں