وزیر اعظم کو کسانوں اور مزدوروں کے تعلق سے بھی سوچنا چاہئے - راہول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-24

وزیر اعظم کو کسانوں اور مزدوروں کے تعلق سے بھی سوچنا چاہئے - راہول

مہوبہ، اتر پردیش
پی ٹی آئی
خشک سالی سے متاثرہ بندیل کھنڈ علاقہ کے لئے پد یاترا نکالتے ہوئے راہول گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ انہیں صرف صنعت کاروں کے بارے میں نہیں بلکہ کسانوں اور مزدوروں کے بارے میں بھی سوچنا چاہئے ۔ انہیں اس پسماندہ علاقہ کے لئے مزید فنڈس الاٹ کرنا چاہئے۔ کانگریس کے نائب صدر نے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے دلت اسکالر روہت ویمولا کی خود کشی کا تذکرہ کرتے ہوئے کل وزیر اعظم کے جذباتی ہوجانے کا حوالہ دیا اور کہا کہ وزیر اعظم کو کسانوں سے بھی کچھ ہمدردی ہونی چاہئے، جو آپ کو کھانے کے لئے غذا فراہم کرہے ہیں ۔ اپنے تقریبا7کلو میٹر طویل پیدل مارچ کے دوران دیہاتیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے سبب حکومت نے جو بچت کی ہے اس میں سے کچھ رقم اس خطہ کے لئے مختص کی جائے۔ راہول نے کہا کل ہم نے مودی جی کو جذباتی ہوتے ہوئے دیکھا۔ وہ اپنی تقریر کے دوران کچھ دیر کے لئے ٹھہر گئے ۔ ان کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ میں ، مودی جی سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ جو غذا استعمال کررہے ہیں ، دالیں جو آج220روپے فی کلو فروخت ہورہی ہیں ، کسان آپ کو فراہم کرتے ہیں ۔ میں، مودی جی سے یہ کہنا چاہوں گا کہ وہ کسانوں ، مزدوروں اور غریبوں کے بارے میں بھی کچھ سوچیں ، کیوں کہ وہ بھی اس ملک کو چلاتے ہیں ۔ صرف صنعت کارہی ایسا نہیں کرتے ، لہذا ان کے بارے میں بھی سوچیں۔ کانگریس قائد نے پانی کی قلت سے دوچار اس علاقہ کی ترقی کے لئے مزید فنڈس کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوپی اے کی حکومت کے دوران خام تیل کی قیمت150ڈالر فی بیرل تھی ، جب کہ اب یہ گھٹ کر صرف28ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے ۔ یہاں بچائی گئی کافی رقم بندیل کھنڈ جیسے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے استعمال کی جاسکتی ہے ۔ راہول نے کہا کہ بچائی گئی ساری رقم اس علاقہ میں لگانے کی ضرورت نہیں لیکن اس کا کم از کم ایک حصہ استعمال کیاجاسکتا ہے ۔ بندیل کھنڈ علاقہ کے عوام سے یہ وعدہ کرتے ہوئے کہ وہ ان کے مسائل کو پارلیمنٹ میں اجاگر کریں گے ، راہول نے کہا کہ وہ ان تمام مسائل کے بارے میں بولتے رہیں ہیں اور ملک کے دیگر علاقوں میں اپنی پدیاتراؤں کے دوران کسانوں کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں ۔

Think a little about farmers, they too run the country: Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں