پٹھان کوٹ فضائی اڈے کو مکمل محفوظ بنانے کی مہم ختم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-09

پٹھان کوٹ فضائی اڈے کو مکمل محفوظ بنانے کی مہم ختم

پٹھان کوٹ
پی ٹی آئی
پٹھان کوٹ فضائی اڈے کو جہاں گزشتہ ہفتہ چھ عسکریت پسندوں نے حملہ کردیا تھا مکمل طور پر محفوظ بنانے کی مہم ختم کردی گئی ہے تاہم سخت چوکسی برقراررکھی گئی ہے ۔ این ایس جی، فوج اور ہندوستانی فضائیہ کے کمانڈوز فضائی اڈے کے مکمل احاطہ اور عمارتوں میں چپہ چپہ کی تلاشی لی تاکہ کسی امکانی خطرہ کو دور کیاجاسکے ۔ اسے صفائی مہم کا نام دیا گیا ہے جو گزشتہ تین دن سے جاری تھی ۔ ہندوستانی فوج نے دیگر فورسس کے ساتھ مل کر تمام چھ عسکریت پسندوں کو ختم کردینے کے بعد بھی اس مہم کو جاری رکھا تھا ۔ پٹھان کوٹ کے ایس ایس پی آر کے بخشی نے کہا کہ تمام علاقہ کو مکمل طور سے محفوظ بنانے کے لئے مہم انجام دی گئی ۔ پٹھان کوٹ اور اطراف کے مواضعات میں تمام گاڑیوں اور افراد کی مکمل تلاشی لی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئی جوکھم مول لینا نہیں چاہتے ۔ بخشی کے مطابق ہندوستانی فضائی ادے اور پٹھان کوٹ کے دیگر اہم مقامات کے مکمل محفوظ ہونے کا یقین ہونے کے ساتھ ہی یہ مہم ختم کردی گئی ۔ اس مہم کا مقصد اس بات کو بھی یقینی بنانا تھا کہ علاقہ میں کوئی اور دہشت گرد چھپا ہوا نہ ہو ۔ یاد رہے کہ سرحد پار سے آنے والے عسکریت پسندوں نے اے کے47رائفلوں، گرینینڈ بیارل، لانچرس، پستولس ،سوئز اور کمانڈو چاقوؤں اور چالیس تا پچاس کلو گولیوں کے ساتھ ساتھ مارٹرس کے ذریعہ فضائی اڈے پر حملہ کیا تھا ۔ اسی دوران گرداسپور کے پنوہر موضع میں پولیس کی جانب سے آج تیسرے دن بھی بڑے پیمانہ پر تلاشی لینے کے بعد شام کو مہم ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ مقامی افراد نے یہاں فوجی یونیفارم میں دو افراد کو مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع دی تھی ۔ جس کے بعد پنجاب پولیس او ر فوج نے مشترکہ طور پر تلاشی مہم شرو ع کی ۔ پولیس نے بتایا کہ اس مشترکہ تلاشی مہم میں سیکوریٹی عہدیداروں نے تبری کنٹونمنٹ کے اطراف تمام علاقہ کی تلاشی لی۔ ڈی آئی جی بارڈر رینج کنوروجئے پرتاپ سنگھ نے آج کہا کہ ہماری تلاشی مہم جاری ہے ، کسی بھی قسم کی مشتبہ نقل و حرکت کا پتہ چلانے کے لئے فضاء سے بھی نظر رکھی گئی ۔ دیہات سے قریب گنے کے کھیت میں بھی تلاشی لی جارہی ہے جہاں مشتبہ افراد کی روپوشی کا امکان تھا ۔ گرداسپور کے ایس ایس پی گریریت سنگھ نے کہا کہ ہم نے بطور خاص گنے کے کھیت میں تفصیل سے تلاشی لی جہاں مشتبہ افراد کے روپوش ہونے کی گنجائش تھی ۔ پنجاب پولیس نے اس مہم میں اسرائیلی تربیت یافتہ،ایس ڈبلیو اے ٹی، ٹیم تعینات کی جسے دہشت گردوں پر قابو پانے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی کنور سنگھ نے بتایا کہ کل رات موضع کے ایک گاؤں میں مشتبہ افراد کے جاچھپنے کی مخصوص اطلاع ملی تھی جس کے بعد کنٹونمنٹ کے قریب واقع مکان کی تلاشی لی گئی ، تقریبا چھ گھنٹے کے باوجود علاقہ میں کوئی مشتبہ شخص نہیں پایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی مہم رات بھر جاری رہی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں