دہشت گردی سے لڑنا انسانیت کا کام - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-25

دہشت گردی سے لڑنا انسانیت کا کام - وزیراعظم مودی

چنڈی گڑھ
پی ٹی آئی
فرانس اور ہندوستان میں حالیہ عرصہ میں بڑے دہشت گرد حملوں کے پس منظر میں وزیر اعظم نریندر مودی اور فرانس کے صدر فرینکوس اولاند نے آج اس لعنت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ۔ ہندوستانی لیڈر نے اس عالمی چیالنج کو شکست دینے کے لئے اجتماعی لڑائی کی ضرورت پر زور دیا ۔ فرانس کے صدر کے خطاب کے بعد ہند۔ فرانس بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ فرانسیسی صدر کا یہ کہنا درست ہے کہ عالمی حدت کی طرح دہشت گردی ایک چیالنج ہیں۔ مودی نے کہا کہ دہشت گردی کے چیالنج کے خلاف لڑنا انسانیت کا کام ہے ۔ انسانیت میں یقین رکھنے والے تمام فراد کو مل کر دہشت گردی سے لڑنا ہوگا ۔ ہندوستان اور فرانس انسانیت میں یقین رکھتے ہیں ۔ ہم دوسرے ملکوں کے ساتھ مل کر دہشت گرد طاقتوں اور دہشت گردی کا صفایا کریں گے ۔ انہوں نے ہولینڈ کو یقین دلایا کہ ہندوستان دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں فرانس کے ساتھ کھڑا ہے ۔ مودی نے کہا کہ فرانس کو ہندوستان کی ترقی میں شراکت دار بننا چاہئے ۔ مودی نے سہ روزہ دورے پر ہندوستان آئے فرانسیسی صدر فرانسکو اولاند کی موجودگی میں یہاں دونوں ممالک کے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مل کر کام کرنے کا بہت زیادہ امکان ہے ۔ ہندوستان کے پاس بہت بڑی مارکیٹ اور سستا لیبر ہے جب کہ فرانس کے پاس ٹیکنالوجی ہے ۔ دونوں کا مل کر کام کرنا باہمی مفاد میں ہے۔ انہوں نے گڈ گورننس اور شفاف انتظامیہ کے ساتھ مستحکم کاروباری ماحول اور مستقل ٹیکس نظام دینے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ اسی مقصد کو آگے بڑھایاجارہا ہے تاکہ مستقل ٹیکس نظام قائم کیاجاسکے ۔ کاروباری اپنی سرمایہ کاری کو لے کر مطمئن ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ تاریخ سے ملک میں کوئی بھی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا اور ان کی حکومت ایسا نظام بنائے گی کہ مستقبل کی کوئی حکومت اس میں تبدیلی نہیں کرسکے ۔ وزیر اعظم نے ریلوے حمل و نقل ، دفاع اور موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ سیکوریٹی ، تیاری اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کے متعدد امکانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے پچاس بڑے شہروں میں میٹرو ریل کا انفراسٹرکچر تیار کرنا ہے ۔ ریلوے کے ڈیزل انجنوں کے مقام پر الیکٹرک انجن لانا ہے تاکہ کاربن کے اخراج میں کمی لائی جاسکے ۔ انہوں نے نئی تلاش کو فرانس کی طاقت بتاتے ہوئے کہا کہ شمسی توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کو کام کرنیکا موقع ملا ہے ۔ 21ویں صدی قابل تجدید توانائی کی صدی ہونے جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان تیزی سے شہر کاری کی طرف بڑھ رہا ہے اور سمارٹ سٹی کے روڈ میپ پر کام کیاجارہا ہے ۔ سال2022تک تمام لوگوں کو گھر دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس سے ہندوستان کے اندر ہی ایک ملک ترقی کرے گا۔ اس لئے دونوں ممالک کے درمیان اس شعبے میں بھی کاروبار کی بہت زیادہ صلاحیت ہے ۔ انہوں نے چندی گڑھ کا فرانس کے ساتھ گہرا تعلق ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان فطری مماثلت ہے ۔ پیرس میں دسمبر میں اختتام پذیر ہونیو الا ماحولیاتی کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں اولاند کے ساتھ کم از کم پانچ بار ملاقات ہوئی ہے اور اس دوران بہت ساری موضوعات پر بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیرس کانفرنس سے پہلے پوری دنیا اس پر متفق نہیں تھی ۔ فرانس کے صدر نے اس کانفرنس میں ہندوستان کی باتوں پر ذاتی طور پر دلچسپی لی اور یہی وجہ ہے کہ اس کانفرنس میں منشور جاری کرنے سے پہلے ان سے گفتگو کی گئی۔ مودی نے کہا کہ جس دن یہ منشور جاری ہون اتھا اس دن وہ وارانسی جارہے تھے اور اسی دوران مسٹر اولاند کا فون آیا۔ جب وہ وارانسی پہنچے تب تک مسٹر اولاند نے پروگرام کو موخر کئے رکھا اور جب دونوں رہنماں کی بات چیت ہوگئی تو مسٹر اولاند نے منشور جاری کیا جس میں ہندوستان کی باتوں کو اہمیت دی گئی ۔ اس سے ہندوستان اور فرانس کے درمیان قربت میں اضافہ ہوا ہے اور باہمی اعتماد کی فضا پروان چڑھی ہے جو آنے والے دنوں کے لئے ہمارے لئے مزید بہتر ہوگی ۔ اس سے پہلے مسٹر اولاند نے فورم سے خطاب کیا جس میں انہوں نے مسٹر مودی کی تعریف کی اور ہندوستان کے ساتھ کاروبار میں اضافہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں بھی تعاون کا بھی ذکر کیا۔ قبل ازیں ملک کے67ویں یوم جمہوریہ تقاریب کے مہمان خصوصی فرانس کے صدر فرانکوئس اولاند آج چنڈی گڑھ پہنچے ۔ چنڈی گڑھ میں اپنی مصروفیات کے بعد مودی اور اولاند نئی دہلی روانہ ہوگئے ۔

India and France stand united against enemies of humanity: PM Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں