تشدد و عدم روادار طاقتو ں کے خلاف چوکس رہیں - صدر جمہوریہ پرنب مکرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-26

تشدد و عدم روادار طاقتو ں کے خلاف چوکس رہیں - صدر جمہوریہ پرنب مکرجی

نئی دہلی
یو این آئی
حالیہ سفاکانہ واقعات جیسے اتر پردیش کے دادری میں ایک مسلمان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردینے ، ہریانہ کے فرید آباد میں دو دلتوں کو جلا دینے اور کرناٹک میں معقولیت پسند کلبرگی کے قتل پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہا کہ تشدد، عدم رواداری اور نامعقول طاقتوں کے خلاف اپنا تحفظ کرنے کی ضرورت ہے۔67ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا ماضی کا احترام، قوم پرستی لازمی اجزا میں سے ایک ہے۔ جمہوری ادارے ، تمام شہریوں کے لئے انصاف، مساوات اور صنفی و معاشی مساوات کو یقینی بنانا ہمارا عظیم ترین ورثہ ہے ۔ انہوں نے کہا ان مسلمہ اقدار پر جو ہماری قومیت کا اصل مغز ہے ۔ جب تشدد کی زد میں آنے کے واقعات پیش آتے ہیں تو ان کا نوٹ لینے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ہمیں لازما تشدد ، عدم رواداری اور غیر معقولیت پسند طاقتوں کے خلاف اپنا تحفظ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بیف کھانے کی افواہوں پر دادری میں ایک مسلمان اخلاق کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردینے ، فریدآباد میں دو دلت لڑکوں کو جلا دینے اور کرناٹک میں معقولیت پسند کلبرگی کے قتل جیسے واقعات پر مختلف شعبوں سے بڑے پیمانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ ان کے واقعات کے بعد کئی معروف شخصیتوں نے بطور احتجاج اپنے ایوارڈس واپس کئے تھے۔ صدر جمہوریہ نے جی ایس ٹی اور دیگر اہم بلوں پر پارلیمنٹ میں جاری تعطل کا راست حوالہ دئیے بغیر کہا کہ حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ اس طرح کی قانون سازی مناسب مباحث اور غوروخوض و مشاورت کے بعد عمل میں آئے۔ انہوں نے کہا ترقی کی طاقتوں میں نئی جان ڈالنے کے لئے ہمیں اصلاحاتی اور ترقی پسندانہ قانون سازی کی ضرورت ہے ۔ قانون سازوں کا یہ فریضہ ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ مناسب مشاورت ومباحث کے بعد اس طرح کے قانون بنائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یک رنگی ، تعاون اور اتفاق رائے پیدا کرنے کا جذبہ، فیصلہ سازی کا ترجیحی طریقہ ہونا چاہئے ۔ فیصلے کرنے اور عمل آوری میں تاخیر سے ترقی کے عمل کو نقصان پہنچ سکتا ہے ، صدر جمہوریہ نے پارلیمنٹ میں جی ایس ٹی بل پر تعطل کے واضح حوالہ سے یہ بات کہی۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ اقوام کے درمیان تنازعات کی یکسوئی کے لئے مسلسل بات چیت ہونی چاہئے لیکن انہوں نے کہا کہ بات چیت گولیوں کی بوچھاڑ میں نہیں ہوسکتی ۔

Must Guard Against Forces Of Violence, Intolerance: Pranab Mukherjee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں