جموں و کشمیر میں حکومت سازی پر تجسس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-11

جموں و کشمیر میں حکومت سازی پر تجسس

سری نگر
پی ٹی آئی
ایک ایسے وقت جب کہ جموں و کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل پر تجسس پایاجاتا ہے محبوبہ مفتی سے آج کانگریس قائد سونیا گاندھی اور مرکزی وزیر نتن گڈ کری نے اظہا ر تعزیت کے لئے ملاقات کی لیکن ان ملاقاتوں کو سیاسی نقطہ نظر سے بھی دیکھاجارہا ہے ۔ یہ ملاقاتیں ایک ایسے وقت ہوئیں جب کہ بی جے پی کے لیڈر اور ڈپٹی چیف منسٹر نرمل سنگھ نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ پی ڈی پی کے ساتھ اتحاد برقرار رہے گا ۔ انہوں نے بی جے پی کی جانب سے گورنر این این ووہرہ کو ایک خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حلیف جماعت کے کسی بھی فیصلہ پر غور کرے گی۔ سونیا گاندھی دہلی سے یہاں پہنچی اور ایر پورٹ سے سیدھے سہ پہر تین بجے محبوبہ مفتی کی قیامگاہ گئیں وہ پی ڈی پی صدرکے ساتھ بیس منٹ رہیں اور ان کے والد سابق چیف منسٹر مفتی سعید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جن کا جمعرات کو انتقال ہوا تھا ۔ سونیا نے جن کی پارٹی2002اور2008کے درمیان مخلو ط حکومت میں شامل تھیں مفتی سعید کو ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود کے پابند،ایک بہترین منتظم قرار دیا جو رواداری اور تنوع کے احترام پر مبنی ہندوستانی اقدار میں یقین رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ2002میں مفتی سعید نے مرہم رکھنے کی پالیسی اختیار کی ۔ انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب پارٹی سرحدوں سے اور وابستگیوں سے بالاتر تھے ۔ سونیا گاندھی کے ہمراہ راجیہ سبھا کے قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد، پارٹی جنرل سکریٹری امبیکا سونی ،ریاستی کانگریس کے سربراہ جی اے نیر اور پارٹی لیڈر سیف الدین سوز بھی تھے۔ بعد میں غلام نبی آزاد نے کہا کہ اس ملاقات میں کوئی سیاست نہیں تھی اور اسے اس نظر سے نہیں دیکھنا چاہئے۔ ہم صرف اظہار تعزیت کے لئے یہاں آئے ہوئے ہیں اور اس کے علاوہ کوئی دوسرا مقصد نہیں تھا۔1999میں پی ڈی پی کی تشکیل سے قبل محبوبہ مفتی اور ان کے والد کانگریس میں تھے۔ محبوبہ مفتی نے ایک مرتبہ لوک سبھا میں کانگریس کی نمائندگی بھی کی۔ سونیا گاندھی کی ملاقات کے بعد مرکزی وزیر سر فیس و ٹرانسپورت نتن گڈ کری بھی اظہار تعزیت کے لئے محبوبہ مفتی سے ملے بعد میں انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے ۔ میں مرکزی حکومت کی جانب سے تعزیت کے لئے آیا ہوں ۔ گڈ کری نے مفتی سعید سے دہلی میں ملاقات کویاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ریاست کے بارے میں ایک خواب رکھتے تھے جس میں سیاحت، ترقی اور انفراسٹرکچر بھی شامل تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کریں گے ۔ اس دوران مفتی محمد سعید کے انتقال کے بعد چار روزہ سوگ کی مدت آج ختم ہوگئی ۔ مفتی سعید کی چہارم، دعائیہ اجتماع ہوا جہاں پارٹی قائدین آئندہ چیف منسٹر کی حیثیت سے محوبہ مفتی کی تائید کی ۔ کئی پارٹی قائدین نے اس موقع پر اظہار خیال کیا۔ مفتی سعید کے انتقال کے بعد سوگ کی مدت کے دوران حلف برداری میں پس و پیش کے تاخیر کے باعث ریاست میں صدر راج نافذ کیاگیا ہے۔

Jammu and Kashmir new government curiosity

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں