ہندوستان کے لئے اسرائیل سے تعلقات انتہائی اہم - سشما سوراج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-19

ہندوستان کے لئے اسرائیل سے تعلقات انتہائی اہم - سشما سوراج

یروشلم
پی ٹی آئی
وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج کہا کہ ہندوستان، اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کے لئے آج اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو سے ملاقات کی ۔سشما سوراج نے جو وزیر خارجہ کی حیثیت سے مغربی ایشیاء کے اپنے پہلے دورہ پر ہیں کہا کہ وہ اعلی اسرائیلی قیادت کے ساتھ اپنے مذاکرات کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے میٹنگ سے قبل نتن یاہو کے ہمراہ میڈیا کو بتایاہندوستان ، اسرائیل کے ساتھ باہمی تعلقات کے مکمل فروغ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، گزشتہ دو دہوں میں کئی ایم شعبوں میں ہمارے باہمی تعاون میں اضافہ ہوا ہے لیکن ہمارے تعلقات میں بہتری کا امکان اور بھی زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا مجھے امید ہے کہ ہمارے باہمی تعلقات کے سارے امور پر بات چیت ہوگی۔ سشما سوراج نے علاقہ کی صورتحال کے تجزیہ اور ان امور کی نشاندہی کی بھی امید ظاہر کی جہاں دونوں ممالک تعاون کرسکتے ہیں ۔ اپنے خیر مقدمی ریمارکس میں وزیر اعظم نتن یاہو نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور دوستی میں ایک عظیم خوشگوار یت آئی ہے ۔ میں یہاں پر آپ کا استقبال کرتے ہوئے خصوصی مسرت محسوس کررہا ہوں اور اپنے دوست اور ساتھی وزیر اعظم مودی کو اپنی نیک تمنائیں بھیج رہا ہوں ۔ انہوں نے کہا ، دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا اظہار صدر جمہوریہ ہند کے حالیہ دورے سے ہوتا ہے جو ہندوستانی جمہوریہ کے کسی صدر کی جانب سے پہلا دورہ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک سائنس و ٹکنالوجی، سائبر و دفاع اور زراعت جیسے شعبوں میں اپنے رابطوں اور تعاون میں تیزی پیدا کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل کئی اختراعات کے حامل ہیں اور مل کر کام کرتے ہوئے اپنے عوام اور دنیا کے لئے بہت کچھ کرسکتے ہیں ۔ نتن یاہو نے مزید کہا کہ اسرائیل، ہندوستان کی ستائش کرتا ہے اور اسے ایک عظیم دوست کے طور پر دیکھتا ہے ۔ خیال رہے کہ نتن یاہو گزشتہ دیڑھ سال میں مودی سے دو مرتبہ ملاقات کرچکے ہیں ۔ اسرائیلی وزیر اعظم قبل ازیں کہہ چکے ہیں کہ ان کے ہندوستانی ہم منصب نے انہیں بتایا کہ نئی دہلی کو ان کی جانب سے طئے کردہ بڑے ترقیاتی پراجکٹس کے حصول کے لئے تل ابیب کی مدد کی ضرورت ہے ۔ سشما سوراج نے اسرائیلی صدر ریون ریولین، وزیردفاع موشے یعلون ، وزیر انفراسٹرکچر یوول شیٹینیٹیز اور نائب وزیر خارجہ سیپی ہوٹولی سے بھی ملاقات کی ۔ وہ ارائیل میں ہندوستانی برادری سے بھی ملاقات کا پروگرام رکھتی ہیں ۔ سوراج نے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے تاریخی دورے کے صرف تین ماہ بعد یہ دورہ کیا ہے ۔

Israel should build long-term stakes in Indian economy: Sushma Swaraj

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں