حیدرآبادیوں کی قوم پرستی پر مرکزی وزیر گڈ کری کا ریمارک - اسد الدین اویسی کا احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-06

حیدرآبادیوں کی قوم پرستی پر مرکزی وزیر گڈ کری کا ریمارک - اسد الدین اویسی کا احتجاج

حیدرآباد
اعتماد نیوز
صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے مرکزی وزیر نتن گڈ کری کی جانب سے حیدرآبادیوں کی حب الوطنی پر شکوک و شبہات کے اظہار کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں حیدرآبادی عوام اپنے ووٹوں کے ذریعہ بی جے پی اور آر ایس ایس کو سخت سبق سکھائیں گے ۔ بیرسٹر اویسی نے پٹھان کوٹ واقعہ پر مرکزی وزیر داخلہ کے بیان اور اس واقعہ سے نمٹنے کی حکمت عملی پر سوال اٹھائے ہیں ۔ پارٹی کے صدر دفتر دارالسلام میں اخباری نمائندوں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے ۔ مرکزی وزیر نتن گڈ کری نے کل حیدرآباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کے دوران حیدرآبادیوں کی حب الوطنی پر شکوک و شبہات ظاہر کئے تھے ۔ مرکزی وزیر نے ان شکوک شبہات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے کہا کہ مرکزی وزیر کو حیدرآبادیوں کے بارے میں ملک اور قوم دشمن سرگرمیوں کی اگر کوئی اطلاع ہو تو وہ حکومت کو اس سے واقف کروائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآبادی عوام کی حب الوطنی شکوک و شبہات سے بالاتر ہے ۔ حیدرآبادی عوام کو قوم پرستی کے لئے نتن گڈکری کے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے حیدرآبادیوں کے بارے میں مرکز ی وزیر کے ریمارک پر ان سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی وزیر نے حیدرآبادی عوام سے معذر ت خواہی نہیں کی تو اس کی قیمت گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ان کی پارٹی کو چکانی پڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز ی وزیر اس حد تک گر گئے ہیں کہ ایک بلدی کارپوریشن کے انتخابات کے لئے وہ قوم دشمنی کا حیدرآبادیوں پر لیبل لگا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآبادیوں کی قوم پرستی پر سوال کرنے والے مرکزی وزیر نتن گڈ کری کو چاہئے تھا کہ وہ پٹھان کوٹ کے بارے میں جہاں گزشتہ چار دنوں سے ہندوستانی فورسس دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کررہی تھی ، کوئی بیان دیتے ۔ لیکن پٹھان کوٹ کے بارے میں تو وہ کچھ نہیں کہتے اور حیدرآباد میں آکر حیدرآباد کے پر امن ماحول کی فضا کو مکدر کرنا چاہتے ہیں ۔ پٹھان کوٹ میں دہشت گردوں کی کارروائی کی انہوں نے سخت مذمت کی اور اس کاروائی میں اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کے ارکان خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ ملک کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کے دن ہی یہ کہہ دیا تھا کہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے اور حالات قابو میں ہیں ۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اس طرح کا پیام بھی جاری کیا تھا۔ لیکن دکھ کی بات یہ ہے کہ اس سنگین مسئلہ پر وزیر داخلہ نے قوم کو گمراہ کیا ہے جب کہ دہشت گرد پٹھان کوٹ میں واقع فضائیہ کے ایربیس میں چھپے ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سپرنٹنڈنٹ پولیس جیسے بڑے رتبہ کے حامل ایک عہدیدار کا اغواکیاجاتا ہے لیکن ملک کی انٹلی جنس اس سے بے خبر رہتی ہے ۔ پٹھان کوٹ کی صورتحال سے نمٹنے میں کی گئی کوتاہیوں پر مجلس کے صدر نے سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد میں حب الوطنی کا درس دینے والے مرکزی وزیر نتن گڈ کری سے کہا کہ کیا ہی بہتر ہوتا کہ وہ پٹھان کوٹ میں جو کچھ ہوا اس پر کچھ ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پٹھان کوٹ میں دہشت گردی کے واقعہ کے بعد پاکستان سے مذاکرات کے موضوع پر پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے کہا کہ ہندوستان اپنے تمام پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات کا حامی رہا ہے ۔انہوں نے اعظم سے کہا کہ وہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سے بھی ہند۔ پاک مذاکرات کے موضوع پر صلاح لیں ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر تعلقات کے لئے مذاکرات کا عمل ضروری ہے ۔ سب کے تعاون سے ہی دہشت گردی جیسے ناسور کو ختم کیاجاسکتا ہے ۔

Hyderabadis are patriots: MIM Chief Asaduddin Owaisi to Gadkari

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں