دہشت گردی کے خلاف موثر جنگ چھیڑنے کا عہد - حسن روحانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-27

دہشت گردی کے خلاف موثر جنگ چھیڑنے کا عہد - حسن روحانی

روم
آئی اے این ایس، اے کے آئی ، اے ایف پی
صدر ایران حسن روحانی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ چھیڑنے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلا امتیاز اسے منطقی انجام پہنچانے کے لئے تیار ہیں ۔ روحانی نے اطالوی صدر سرجیومتاریلا کے ساتھ ایک الاس کے دوران کہا کہ ہر شخص کو اپنی ذمہ داری انجام دینی چاہئے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہئے۔ قبل ازیں متاریلا نے دہشت گردی کو بین الاقومی برادری کے لیے انتہائی سنگین خطرہ قرار دیا تھا۔ روحانی فی الحال اپنے اولین دورہ یورپ کے دوران اٹلی میں ہین جس کے بعد وہ پیرس بھی جائیں گے ۔ کسی بھی ایرانی قائد کی جانب سے گزشتہ16برسوں میں یہ اولین دورہ یوروپ ہوگا۔ روحانی اور متاریلا نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ سفارتکاری اور بات چیت علاقائی تنازعات حل کرنے کا واحد راستہ ہے جو بین الاقوامی نظم پر اثر انداز ہوتا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یمن تا شام و لیبیا ایک ہی صورتحال ہے اور اس میں بہتری کے لئے سفارتکاری اور بات چیت واحد راستہ ہے ۔ اطالوی اور فرانسیسی کمپنیوں کے ساتھ کثیر بلین ڈالر پر مشتمل تجارت سے متعلق معاہدہ اور احیائے تجارت، روحانی کی اولین ترجیح ہے ۔ ایران پر عائد تحدیدات کی برخاستگی کے بعد روحانی کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دو روزہ دورہ روم کے دوران روحانی ، اطالوی وزیر اعظم ماتیو رینزی اور پوپ فرانسیس سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان کے ہمراہ120رکنی وفد بھی ہے جو باہمی تجارت فورم میں شریک ہوگا ۔ اٹلی، ایران کے اعلیٰ ترین تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے۔ بین الاقوامی صفمٰں ایران کی واپسی سے یوروپی تجارت میں فروغ کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے ۔ صدر روحانی نے کل اطالوی کمپنیوں کے ساتھ کثیر بلین ڈالر پر مشتمل معاہدوں پر دستخط کیں ۔ اطالوی عہدیداروں نے بتایا کہ روم میں رات دیر گئے معاہدوں پر دستخط کی مالی حیثیت17بلین یورو(18.4بلین ڈالر) پر مشتمل ہے ۔ علاوہ ازیں پانچ بلین یورو پر مشتمل پائپ لائن کمپنی سائپن کے ساتھ بھی ایک معاہدہ ہوا ہے جن کے حصص کی قیمت میں ملان میں کل 18.5فیصد کا اضافہ ہوا ۔ کل فرانس میں ایئر بس طیاروں کے ایک بڑے آرڈر کی توثیق بھی ممکن ہے۔ اس سلسلہ میں فرانسیسی کارساز کمپنیوں پیاجا( Peugeot)اور رینو(Renault) کیساتھ معاہدہ بھی ہوچکا ہے۔ روحانی نے بتایا کہ ان کا دورہ یوروپ تجارتی راہداریاں کھولنے سے متعلق مخصوص ہیں ۔ وہ تجارت سے متعلق ایک خصوصی پیام لے کر آئے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی منڈیاں اطالوی اور یوروپی سرمایہ کاروں کو پورے علاقہ میں قدم جمانے کے مواقع دینے تیار ہے ۔ اطالوی وزیر اعظم ماتیورینزی نے کہا کہ ہم نے ایران کے ساتھ کئی معاہدہ طئے کئے ہین تاہم یہ سفر کا آغاز ہے ۔ رینزی نے بتایا کہ انہوں نے صدر روحانی کے ساتھ شام کی خانہ جنگی کے خاتمہ اور داعش کے خلاف جنگ پربات چیت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیو کلیر تنازعہ پر معاہدہ ممکن ہے تو شام میں خانہ جنگی کا خاتمہ بھی ممکن ہے ۔ ہمیں یہ ثابت کردکھاناہوگا ۔ روحانی آج ویٹیکن میں ہین اور کل وہ فرانس کے لئے پرواز کرجائیں گے ۔
روم سے ایجنسیوں کی اطلاع کے بموجب ایرانی صدر حسن روحانی کے دورہ اٹلی کے موقع پر دارالحکومت روم کے معروف کاپیٹو لینے میوزیم میں تمام برہنہ مجسموں کو ڈھک دیا گیا۔ منگل کے روز مقامی میڈیا نے بتایا کہ ایرانی صدر کے دورے پر اس میوزیم میں نمائش کے لئے موجو د برہنہ تصاویر کوبھی ڈھانپ دی اگیا ۔ بتایا گیا ہے کہ ان تصاویر کے سامنے سفید رنگ کے بورڈ لگا دئیے گئے ہیں، تاکہ انہیں دیکھا نہ جاسکے ۔ پیر کی شام اسی میوزیم میں اطالوی وزیر اعظم ماتیورینزی اور ایرانی صدر حسن روحانی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا تھا ۔ بتایا یا ہے کہ اس ملاقات کے بعد ایرانی صدر اور ان کے ہمراہ آنے والے سرکاری وفد کو دیے گئے عشائیے میں شراب بھی پیش نہیں کی گئی تھی۔ اطالوی حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایرانی صدر کی اسلامی سوچ کا احترام تھا۔

Hassan Rouhani vows to fight terrorism

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں