امریکہ میں ہلاکت خیز برفانی طوفان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-24

امریکہ میں ہلاکت خیز برفانی طوفان

واشنگٹن
پی ٹی آئی
امریکہ میں ایک برفانی طوفان کا قہر نازل ہونے والا ہے اور یہ اندیشہ بھی ظاہر کیاجارہا ہے کہ کم از کم30انچ برف جم جائے گی جو بذات خود ایک ریکارڈ ہے ۔ برفانی طوفان آج امریکی دارالحکومت کے مشرقی ساحل سے ٹکرایا جس کے نتیجہ میں کم از کم8افراد ہلاک ہوگئے ۔ دس ریاستوں نے ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے ۔ عہدیداروں نے لاکھوں افراد سے طوفان کے گزرنے کی راہ سے بچنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کم از کم ایک ہفتہ کے لئے سفر نہ کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے ۔ جارجیا، نارتھ کیرولینا ، تنیسی، میری لینڈ ، ورجینیا ، پنسلوانیا ، نیو جرسی، نیویارک اور کیٹکی سب سے زیادہ متاثر ریاستوں میں شامل ہیں ۔ واشنگٹن کی صورتحال کے پیش نظر یہاں اسنو ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ ورجینیا میں ہندوستانیوں کی تلگو بولنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے میڈیا نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ کل موسم کی خرابی کے سبب کئی حادثات پیش آئے ۔ ورجنیا اسٹیٹ پولیس800ٹریفک حادثات سے نمٹنے کی جدوجہد کرتی رہی ۔ نارتھ امریکن تلگو ایسو سی ایشن نے اپنے ارکان کو گھر سے باہر قدم نہ رکھنے اور احتیاطی اقدامات کرنے کی ترغیب دی ۔ علاقہ کے بیشتر منادر اور گرودواروں نے آبادیوں کو پناہ دینے کے لئے اپنے دروازے کھول دئیے ہیں۔85ملین افراد طوفان کی رہ گزر پر ہیں۔ یہ امریکہ کی مجموعی آبادی کا چوتھائی حصہ ہے۔ مشرقی ساحل میں برف کی دبیز تہہ جمتی جارہ ہے ۔ کل سے اب تک کی اطلاعات کے مطابق کم از کم8افراد ہلاک ہوئے۔ ایک اندازہ کے مطابق ایک لاکھ بیس ہزار مکانات بجلی سے محروم ہیں ۔ علاقہ میں برف کی تہہ چاروں جانب جمتی دکھائی دے رہی ہے ۔ کم از کم دس امریکی ریاستوں نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا ہے جب کہ واشنگٹن میں تیس انچ برف جمنے کا اندیشہ ظاہر کیاجارہا ہے ۔ یہ واشنگٹن کے لئے ریکارڈ برفباری ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ90سال کی تاریخ میں ایسی برفباری کی کوئی مثال موجود نہیں۔ واشنگٹن کے میئر ، میرئیل اے بوزر نے کہا کہ یہ زندگی اور موت کے درمیان مقابلہ کا معاملہ ہے اور ہر شہری کو یہی باور کرنا چاہئے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ڈسٹرکٹ نیشنل گارڈ کو تعینات کردیا گیا ہے ۔ مقامی حکومتوں نے سڑکوں اور شاہراہوں پر برف کی صفائی کے لئے انتظامات کرلئے ہیں۔ درجہ حرارت نقطہ جماد سے نیچے ہے ۔ بیشتر افراد گھروں میں ہی محصور ہیں۔ جمعہ کی شب کی طرح کہیں بھی ہجوم دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔ شہر کے مرکزی علاقہ کے تمام مالس اور ریستوراں ویران پڑے ہیں ۔ سڑکوں پر کوئی گاڑی بھی مشکل سے دکھائی دے رہی ہے ۔ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران6000پراوزیں منسوخ کردی گئی ہیں اور 4500پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے ۔ واشنگٹن علاقہ میں احتیاطی اقدامات کے طور پر ٹرانسپورٹ نظام معطل ہے ۔ نیشنل ویدرسرویس نے بتایا کہ منہ زور طوفان اور تیز ہواؤں کے ساتھ برفباری سفر کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوگی ۔ اطلاع میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس کے سبب کم از کم ایک بلین ڈالر کے نقصان کا اندیشہ ہے ۔ برفانی طوفان ایک اندازہ کے مطابق 36گھنٹوں تک جاری رہے گا ۔ بعض مقامات پر دو فٹ سے بھی زیادہ برف کی تہہ جم سکتی ہے ۔ یہ انتباہ بھی دیا گیا کہ اس کے ساتھ ہی بجلی گرنے کے واقعات پیش آسکتے ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ صورتحال کئی دنوں تک جاری رہ سکتی ہے ۔ عین ممکن ہے کہ ایک ہفتہ تک بھی جاری رہے جس کے دوران باشندے برف کاٹنے میں مصروف دکھائی دیں گے ۔

Deadly blizzard hits US east coast, 9 killed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں