ملک گیر سطح پر بینکوں کی ایک روزہ ہڑتال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-09

ملک گیر سطح پر بینکوں کی ایک روزہ ہڑتال

چینائی
یو این آئی
ملک بھر میں بینکنگ آپریشنس آج شدید طور پر متاثر ہوئے کیونکہ عوامی شعبہ کے بینکوں، قدیم پرائیویٹ بینکس اور بیرونی بینکوں کے تین لاکھ پچاس ہزار ملازمین اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی 5اسوسی ایٹ بینکوں کی جانب سے کیریر پروگریشن اسکیم کی عمل آوری کے خلاف بطور احتجاج آل انڈیا بینک ایمپلائز اسوسی ایشن کی اپیل پر ایک روزہ ہڑتال میں حصہ لیا ۔ اسوسی ایٹ بینکوں میں اسٹیٹ بینک آف ٹراونکور، اسٹیٹ بینک آف میسور، اسٹیٹ بینک آف پٹیالہ ، اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد اور اسٹیٹ بینک آف بیکانیر اور جے پور شامل ہیں ۔ اے آئی بی ای اے کے جنرل سکریٹری ایچ وینکٹا چلم نے یہاں یو این آئی سے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بینکس کی برانچوں میں نقد رقم کی ادائیگیوںاورحصولیابی چیکس کے کلیرنس اور دیگر بنیادی بینکنگ سرویسس پر اثر پڑا ۔ جنوبی گرڈ میں تقریبا چھ لاکھ چیکس جن کی مالیت تقریبا پانچ ہزار کروڑ روپے بتائی گئی ہے ، کا کلیرنس نہیں ہوسکا ۔ انہوں نے کہاکہ آج شمالی گرڈ میں تقربا چار ہزار کروڑ روپے مالیتی پانچ لاکھ چیکس کا کلیرنس نہیں ہوسکا اور مزید کہا کہ کل ہند سطح پر تقریبا16ہزار کروڑ روپے مالیتی تقریبا21لاکھ چیکس کا کلیرنس نہیں ہوسکا ۔ ممبئی، دہلی، کولکتہ ، حیدرآباد ، بنگالورو، احمد آباد، جئے پور، لکھنو ، بھوپال، ٹریونڈرم، پنجاب اور دیگر ریاستوں سے ہم کو موصولہ اطلاعات کے مطابق ہڑتال انتہائی کامیاب رہی اور ملازمین نے ہڑتال میں بھرپور حصہ لیا۔ مسٹر وینکٹا چلم نے کہا کہ ہڑتالی ملازمین نے ملک بھر میں تمام مراکز میں بینک برانچس کے روبرو احتجاجی مظاہرے منعقد کئے ۔

Banks nationwide one-day strike

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں