طاق جفت اسکیم - دہلی میں آلودگی کی سطح میں کمی کا دعویٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-09

طاق جفت اسکیم - دہلی میں آلودگی کی سطح میں کمی کا دعویٰ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی ہائیکورٹ 11جنوری کو طاق ، جفت نمبر کی گاڑیوں کی اسکیم کے بارے میں فیصلہ کرے گا جس نے آج متعدد درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ کردیا جن کے ذریعہ عام آدمی پارٹی حکومت کی اس اسکیم کو چیالنج کیا گیا تھا ۔ چیف جسٹس جی روہنی اور جسٹس جینت ناتھ پر مشتمل بنچ نے دہلی حکومت کی جانب سے یہ بتائے جانے کے بعد کہ طاق اور جفت اسکیم پر عمل آوری کے نتیجہ میں قومی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کی سطح میں کمی کا رجحان دیکھاجارہا ہے ، اپنا فیصلہ محفوظ کردیا۔ بنچ نے6جنوری کو حکومت دہلی کو یہ بتانے کی ہدایت دی تھی کہ طاق اور جفت اسکیم کی وجہ سے آلودگی میں کتنی کمی آئی ہے اور کہا تھا کہ وہ اس اسکیم کو ایک ہفتہ تک محدود کرنے پر غور کرے ۔ حکومت دہلی کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ ہریش سالوے نے بیان دیا کہ قومی دارالحکومت میں انتہائی زیادہ آلودگی میں کمی کے لئے پہلی مرتبہ ایک ہنگامی منصوبہ پر آزمائشی طور پر عمل کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم عالمی سطح پر آزمائی جانے والی بہترین اسکیمات کے مماثل ہے ۔ شہر مین آلودگی پیدا کرنے میں گاڑیوں کا دوسرا نمبر ہے جس کی وجہ سے عوام کو آلودگی کا سامنا ہے اور ان کی صحت متاثر ہورہی ہے ۔ سالوے نے کہا کہ موسم ناسازگار ہونے کے باوجود پروگرام کے پہلے چند دن کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ مصروف ترین اوقات میں آلودگی کی سطح معمول سے کم ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد قومی دارالحکومت کی سڑکوں پر تنگی کو دور کرنا ہے اور اس اسکیم کی وجہ سے آلودگی کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ٹریفک میں پھنسی ہوئی گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھویں سے دگنی آلودگی ہوتی ہے کیونکہ گاڑیوں کو بار بار ایکسلیریٹردیاجاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت دہلی کو طاق، جفت نمبر کی گاڑیوں کی راشننگ اسکیم جاری رکھنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔ اگر موسم اسی طرح ناسازگار رہتا ہے تو پھر ہم یہ سفارش کریں گے کہ اس اسکیم کو 15دن بعد بھی جاری رکھنے کی اجازت دی جانی چاہئے ۔ حکومت دہلی نے بنچ کوبتایا کہ طاق۔ جفت اسکیم پر عمل آوری کے دوران گاڑیوں سے خارج ہونے والے نائٹروجن اکسائڈ جیسے مادوں میں تقریبا40 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔ ڈیزل کی گاڑیوں میں کمی سے آلودگی کی سطح کو زیادہ گھٹانے میں مدد ملی ہے ۔ بہر حال درخواست گزاروں نے اس بیان کی مخالفت کی اور کہا کہ عام آدمی پارٹی حکومت نے کار مالمین کے ساتھ سوتیلی پالیسی اختیار کی ہے کیونکہ46فیصد آلودگی ٹرکوں کی وجہ سے ہوتی ہے ۔ دہلی ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن کے صدر راجیو کھوسلہ نے جو ان درخواست گزاروں میں شامل ہیں جنہوں نے حکومت دہلی کے 28دسمبر 2015کے اعلامیہ کو چیالنج کیا ہے جس کے ذریعہ اس اسکیم کا اعلان کیا گیاتھا ، کہا کہ حکومت کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار درست نہیں ہیں ۔
دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ گوپال رائے نے آج اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عام آدمی پارٹی حکومت کی اولوالعزم طاق۔ جفت اسکیم پوری مدت یعنی پندرہ دن تک جاری رہے گی اور اس کے بعد شہر میں آلودگی کی سطح میں کمی کے لئے پالیسی تیار کرنے کے بارے میں قطعی فیصلہ کیاجائے گا ۔ گوپال رائے نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ اسکیم پندرہ دن تک جاری رہے گی۔ پندرہ جنوری کے بعد ہم اعداد و شمار اکٹھا کریں گے اور ان کا مناسب تجزیہ کیاجائے گا ۔ پھر ہم آلودگی کی سطح میں کمی کی پالیسی تیار کرنے کوئی فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر آج طاق۔ جفت اسکیم پر عمل آوری نہیں کی جارہی ہوتی تو شہر میں فضا کا معیار مزید ابتر ہوسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا بشمول دہلی نے طاق۔ جفت اسکیم کا اثر محسوس کیا ہے ۔

Air Quality 'Improving' Due To Odd-Even Scheme: Delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں