شمال مشرق میں زلزلہ کے زبردست جھٹکے - 8 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-05

شمال مشرق میں زلزلہ کے زبردست جھٹکے - 8 افراد ہلاک

امپھال، گوہاٹی
پی ٹی آئی
مشال مشرقی خطہ میں آج6.8 شدت کے طاقتور زلزلہ سے جس کا مبدا منی پور میں تھا، کم از کم8افراد ہلاک اور90زخمی ہوگئے۔ عمارتوں کو نقصان پہنچا اور دہشت پھیل گئی۔ صبح4:35بجے زلزلہ کی مار منی پور نے جھیلی۔ لوگ نیند سے بیدار ہونے پر مجبور ہوگئے ۔ کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں یاان میں دراڑیں پڑ گئیں۔ سات اموات منی پور میں ہوئی جب کہ یہاں70افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی( این ڈی ایم اے) کے بموجب چند عمارتوں، رہائشی یونٹس اور سرکاری دفاتر کو نقصان کی اطلاع ہے۔ امپھال میں چھ منزلہ عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ معتمد کابینہ پی کے سنہا نے صبح نیشنل کرائسس مینجمنٹ کمیٹی( این سی ایم سی) کے اجلاس کے بعد سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ امپھال میں کئی عمارتوں بشمول مارکٹ کامپلکس اور سڑکوں میں دراڑیں پڑ گئیں جبکہ بعض اسکولی عمارتیں منہدم ہوگئیں ۔ گوہاٹی اور آسام کے دیگر علاقوں میں زلزلہ سے تقریبا بیس افراد زخمی ہوئے ۔ آسام کے کمشنر و سکریٹری( ڈیزاسٹر مینجمنٹ) پرمود کمار تیواری نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔ عہدیداروں نے کہا کہ کم از کم30عمارتوں میں دراڑیں پڑ ی ہیں ۔ چیف منسٹر ایبوبی سنگھ نے کہا کہ وہ نقصانات کا اندازہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے ہر ممکنہ مدد کا تیقن دیا ہے ۔ ہنڈن فضائی اڈہ پرC-17گلوب ماسٹر اورIL-76 طیارے تیار رکھے گئے ہیں۔ پاورگرڈ کا رپوریشن کے انجینئروں کی ایک ٹیم امپھال بھیجی جائے گی تاکہ وہ برقی سربراہی بحال کرنے میں ریاستی حکومت کی مدد کرس کے ۔ دہلی سے ڈاکٹروں کی ایک اسپیشل ٹیم جن میں آرتھو پیڈ کس شامل ہوں گے ، امپھال بھیجی جائے گی۔ میزورم کے دارالحکومت ایزول میں لوگ محفوظ مقامات کی تلاش میں اپنے مکانات سے نکل آئے ۔ اس کوشش میں14سالہ ایک لڑکا زخمی ہوا ۔ ناگالینڈ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے بتایا کہ ریاست بھر میں زلزلہ کے طاقتور جھٹکے محسوس کئے گئے لیکن کسی نقصان کی اطلاع نہیں ۔ ضلع کچار کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سرکاری قیام گاہ کو نقصان پہنچا۔ یہ علاقہ منی پور کے تمنگ لانگ کے قریب واقع ہے جو زلزلہ کا مبدا ہے۔ اگر تلہ سے موصولہ اطلاع میں کہا گیا کہ تریپورہ بھر میں آج زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے لیکن تا حال کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔ جھار کھنڈ کے کئی علاقوں میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا جہاں لوگ ڈمکا میں اپنے مکانوں سے باہر نکل آئے ۔ رانچی، گریڈیہہ ، چھترا اور لوہارڈ گامیں بھی زلزلہ کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ زلزلوں کی پیمائش کرنے والے مقامی مرکز کے بموجب ماضی قریب میں یہ سب سے بڑا زلزلہ ہے جسے پورے شمال مشرقی خطہ میں محسوس کیا گیا ۔ شمال مشرق کی تمام ریاستیں زلزلوں کے لحاظ سے ملک میں جو نقشہ تیار کیاگیا اس کے زونVمیں آتی ہیں اور انتہائی مخدوش سمجھی جاتی ہیں ۔شمال مشرق کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کو آج صبح نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیمیں بھیجی گئی ہیں۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج یہ بات بتائی ۔ وہ صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ صورتحال کا سر گرمی سے جائزہ لے رہی ہے ۔ این ڈی آر ایف ٹیمیں متاثرہ علاقوں کو بھیجی گئی ہیں۔ ان میں گوہاٹی سے روانہ ٹیمیں بھی شامل ہیں ۔ سنگھ اپنے دو روزہ دورہ آسام کے سلسلہ میں کل رات گوہاٹی میں تھے ۔ انہوں نے فون پر وزیر اعظم نریندر مودی کو صورتحال کی جانکاری دی ۔ وزیر اعظم نے ٹوئٹ کیا کہ انہوں نے سنگھ سے صورتحال پر نظر رکھنے کو کہا ہے ۔ وزیر داخلہ خطہ کے چیف منسٹروں سے بھی بات کی اور ہر ریاست کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اہوں نے کہا کہ مرکز منی پور اور دیگر متاثرہ ریاستوں کو تمام ضروری امداد فراہم کریگا۔ مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو سے ان کی بات ہوئی ہے۔ وہ صورتحال کی نگرانی کے لئے ارونا چل پردیش سے امپھال پہنچیں گے۔ اسی دوران فوج اور فضائیہ نے ریلیف اقدامات شروع کردئیے ہیں۔
نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج صبح شمال مشرقی ریاستوں میں زبردست زلزلہ سے انسانی جانوں کے اتلاف اور تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور خطہ میں اپنے چیف منسٹروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری راحت و بچاؤ کارروائی کو یقینی بنائیں۔راہول گاندھی نے بھی کانگریس ورکرس سے خواہش کی ہے کہ وہ منی پور اور دیگر شمال مشرقی ریاستوں کے متاثرین زلزلہ کی امداد کریں ۔

At least eight killed as 6.7 magnitude earthquake hits north-east India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں