ایران سعودی کشمکش ختم کرانے 6 ممالک کی ثالثی کی پیشکش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-08

ایران سعودی کشمکش ختم کرانے 6 ممالک کی ثالثی کی پیشکش

بغداد
اردو نیوز (سعودی عرب)
تہران میں سعودی سفارتخانہ اور مشہد میں قونصل خانہ پر حملوں کے بعد ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی بحران کے دھماکے خیز ہوجانے پر6ممالک نے دونوں ملکوں کے درمیان ثالثی کی پیشکش کردی ۔ امریکہ، روس ، سلطنت عمان ، ترکی، پاکستان اور عراق شامل ہیں ۔ امریکی وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں سے کہا ہے کہ ٹھنڈے رہیں ۔ کئی ممالک نے پیشکش کی ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے تعلقات بحال کرانے کے لئے ثالثی کرسکتے ہیں ۔ تجزیہ نگاروں نے اس حوالے سے سوال کیا ہے کہ کیا ثالثی نتیجہ خیز ثابت ہوگی ۔ یہ سوال بھی اٹھایاجارہا ہے کہ پتہ نہیں کس ملک کو ثالثی کا اعزاز ملے گا۔ الشرق الاوسط کے مطابق ایرانی حکومت پر دباؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ عکاظ اخبار کے مطابق عرب وزرائے خارجہ اتوار کو قاہرہ اجلاس میں ایران کی سختی سے مذمت کریں گے اور سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی و تعاون کا اعلان کریں گے ۔ اس دوران ایرانی صدر حسن روحانی نے عدالت سے کہا کہ سعودی سفارتی مشنوں پر حملہ کرنے والوں کے حوالے سے مقدمات کی سماعت تیزی سے کر کے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا سنائے ۔ ایران کے متعدد عہدیداروں نے سفارتی مشنوں پر حملوں کو افسوسناک ، اندوہناک اور بڑی غلطی سے تعبیر کیا ۔ ایک اطلاع یہ ہے کہ ایرانی رہنما صورتحال کے تدارک کے لئے تنازع کی گتھی سلجھانے کی خاطر ثالثی کے لئے کوشاں ہیں اور ممکنہ ثالٹوں کو بحران ختم کرانے میں تعاون دینے پر آمادہ کررہے ہیں ۔ الوئام ویب سائٹ کے مطابق روحانی خلیجی ممالک کے ساتھ کشیدگی میں تخفیف کے لئے کوشاں ہیں۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پیر کو اعلامیہ جاری کرکے سعودی سفارتی مشنوں پر ایرانی حملو ں کی مذمت کرچکی ہے۔ ایرانی ، مخالف نقطہ نظر رکھنے والے ممالک کے تقدس کوپامال کرنے کی خاصٰ طویل تاریخ رکھتے ہیں ۔ کویت، سعودی عرب ڈنمارک ، برطانیہ اور امریکہ کے سفارتخانے ایرانیوں کے حملوں کا ہدف بن چکے ہیں ۔ کئی کئی بار حملے کئے جاچکے ہیں۔ عراقی وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے کہا ہے کہ ان کا ملک عراق مملکت اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کی پوزیشن میں ہے ۔ اس نے بھی ثالث کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے جب کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری سعودی وزیر خارجہ الجبیر کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے رہے ہیں ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ کیری نے مکالمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کو نہیں بھولنا چاہئے کہ خطے میں دیگر اہم معاملات دھیان طلب ہیں ، جن میں شام اور یمن کی صورتحال شامل ہے ۔

6 countries Offers to Mediate Dispute Between Saudi Arabia and Iran

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں