اترپردیش میں درجہ چہارم کی ملازمتوں کے لئے اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد رجوع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-19

اترپردیش میں درجہ چہارم کی ملازمتوں کے لئے اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد رجوع

لکھنو
یو این آئی
حکومت اتر پر دیش کو ریاست کے اضلاع دیوریا اور امروہہ میں گتہ پر صفائی کی ملازمت کے لئے ڈگری یافتہ افراد کے بشمول ہزاروں کی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ درخواست گزاروں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ امید وار شامل ہیں جو بی ایڈ اور ایم ایڈ کی ڈگریاں رکھتے ہیں جب کہ ملازمت کے لئے کم سے کم قابلیت 8ویں جماعت ہے ۔ ضلع امروہہ میں ڈاکٹریٹ ، ایم بی اے اور انجینئرنگ کی ڈگریاں رکھنے والے امید واروں نے صفائی کی ملازمت کے لئے درخواست دی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اعلیٰ ڈگری یافتہ افراد کی درخواستوں نے سلکشن کمیٹی کے لئے مسائل کھڑے کردئے ہیں۔ عہدہدار نے کہا گتہ پر خاکروبی کے کام کے لئے ڈگری یافتہ افراد کی درخواستوں سے ریاست میں بیروزگاری کے مسئلہ کی سنگینی ظاہر ہوتی ہے ، ضلع دیوریا میں مقامی بلدی ادارہ نے صفائی کرمچاری کے345عہدوں کے لئے اشتہار دیا تھا ۔ میونسپلٹی نے درخواست فارم فروخت کرنے اور قبول کرنے کا کام مقامی پوسٹ آفس کے تفویض کیا تھا۔345آسامیوں پر پوسٹ آفس پر تا حال10ہزار سے زائد درخواستیں جمع ہوچکی ہیں ۔ مضطرب امید واروں نے دیوریا شہر کی شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک روک دی ۔ مظاہرین پوسٹ آفس کو کھولنے کا مطالبہ کررہے تھے ۔ تاہم پولیس کی مداخلت کے بعد صورتحال پر قابو پالیا گیا ۔ امروہہ بلدی ادارہ میں114صفائی ملازمین کی بھرتی کی جانی ہے ۔ تا حال ادارہ کو سات ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں ۔ جملہ درخواستوں میں تقریبا100 درخواستیں ایسے امید واروں کی ہیں جو ڈاکٹریٹ ، ایم بی اے ، بی ٹیک اور ڈپلومہ ان انجینئرنگ کے حامل ہیں ۔ اتر پردیش میں چھ ماہ سے بھی کمو قت میں یہ دوسری مرتبہ ہے کہ اس قدر بڑی تعداد میں بیروزگار نوجونواں نے درجہ چہارم کی ملازمتوں کے لئے درخواستیں دی ہیں ۔ گزشتہ سال ستمبر میں سکریٹریٹ کے محکمہ نظم و نسق نے ریاستی سکریٹریٹ میں چوکیداروں کی368جائیدادوں کے لئے اشتہار دیا تھا جس کے لئے تقریبا23لاکھ بیروز گار نوجوانوں نے درخواستیں دیں۔ درخواست گزاروں میں255پی ایچ ڈی ہولڈرس اور دو لاکھ سے زائد گریجویٹ ، انجیئنرس اور گریجویشن و پوسٹ گریجویشن کی دیگر ڈگریاں رکھنے والے امید وار شامل تھے ۔

23 Lakh Want Peon's Job in UP, Engineers and Doctorates Included

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں