ہند پاک بہتر تعلقات سارے خطہ کے لئے فائدہ مند - بین الاقوامی میڈیا میں ستائش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-27

ہند پاک بہتر تعلقات سارے خطہ کے لئے فائدہ مند - بین الاقوامی میڈیا میں ستائش

واشنگٹن
پی ٹی آئی
امریکہ اور اقوام متحدہ نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے اچانک دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ دونوں پڑوسیوں کے مابین بہتر تعلقات سارے خطہ کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ ہم وزیر اعظم مودی اور وزیر اعظم نواز شریف کی25دسمبر کو ہوئی ملاقات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پڑوسی ممالک۔ ہند۔ پاک کے مابین بہتر تعلقات سے اس سارے خطہ کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ جان کربی، مودی کے اچانک دورہ لاہور کے بارے میں سوالات کا جواب دے رہے تھے جہاں انہوںنے نواز شریف کے ساتھ بات چیت کی ۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بانکی مون نے بھی دونوں قائدین کی ملاقات کا خیر مقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی بات چیت جاری رہے گی اور پیشرفت کرتے ہوئے اسے متحکم بنایاجائے گا۔ مودی کے دورہ پاکستان سے متعلق استفسار پر اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ سکریٹری جنرل طویل عرصہ سے دونوں ممالک کے قائدین کی آپسی بات چیت کے لئے حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں ۔ وہ کھل کر اس دورہ کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ اور یہ صحیح سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔ انہیں امید ہے کہ اس با ت چیت کو جاری رکھا جائے گا اور مستحکم بنایاجائے گا۔ واضح رہے کہ مودی نے روس اور افغانستان سے واپسی کے دوران لاہور کا اچانک دورہ کیا تھا۔ گزشتہ دس سال میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا یہ پہلا دورہ پاکستان تھا ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق حکمت عملی ماہرین نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے تاریخی اچانک دورہ پاکستان کو پٹری سے اتری ہوئی باہمی امن مساعی کی تعمیر نو کی سمت ایک بڑ ا قدم قرار دیا۔ سابق سفارت کاروں اور ریٹائرڈ جنرلس جنہوں نے پاکستان سے نمٹا ہے کہا کہ جمعہ کو افغانستان سے لاہور پرواز کرنے اور اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ملاقات کرنے مودی کا ڈرامائی اقدام ایک اچھی ابتدا ہے ۔ وزارت خارجہ کے سابق سکریٹری پی نجن چکرورتی نے کہا کہ یہ دورہ ایک ضروری قدم اور خیر سگالی اقدام تھا۔ ہندوستانی فوج کے سابق سربراہ جنرل وید پرکاش ملک نے بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات چیت کی ایک حکمت عملی ہے جو ہمارے قومی مفادات کی تکمیل میں مدد کرے گی ۔ اس حد تک یہ ایک اچھا اقدام ہے ۔ اہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اس کی وجہ سے اہم مسائل ے حل کی جانب بڑھنے ہند۔ پاک دونوں کے لئے ایک سازگار ماحول پیدا ہوا ہے ۔ سوائے کانگریس کے جس نے مودی کے اچانک دورہ پر سوالات اٹھائے ہیں، ہندوستانی قائد کے دو گھنٹے طویل دورہ لاہور کا وسیع تر خیر مقدم کیا گیا ہے ۔ پاکستان سے موصولہ اطلاع کے مطابق دونوں قائدین نے مسئلہ کشمیر پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ جنرل ملک نے کہا کہ ہند۔ پاک تعلقات میں اصل رکاوٹ سرھد پار سے جاری دہشت گردی ، سرحد کشیدگی اور جموں و کشمیر ہیں، جن کی وجہ سے تعلقات میں حالیہ عرصہ میں نشیب وفراز دیکھاجاتا رہا ہے ۔ مودی کے دورہ لاہور نے ایک امید جگائی ہے اور ان کے طرز سفارت کاری کا اشارہ دیا ہے ۔


PM Modi’s Lahore visit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں