بین الاقوامی یوم انسانی حقوق - سرینگر میں جانوروں کے ریوڑ کے ساتھ انوکھا احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-11

بین الاقوامی یوم انسانی حقوق - سرینگر میں جانوروں کے ریوڑ کے ساتھ انوکھا احتجاج

سری نگر
پی ٹی آئی
پولیس نے جموں و کشمیر کے آزاد رکن اسمبلی انجینئر رشید اور ان کے چند حامیوں کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ بین الاقوامی یوم انسانی حقوق کے موقع پر ایک احتجاجی مارچ نکالنے کی کوشش کررہے تھے ۔ عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے آج وادی کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج کا ایک انوکھا طریقہ اپناتے ہوئے جانوروں کا ایک ریوڑ گرمائی دارالحکومت سری نگر لایا جن کے گلے میں بیانرس لٹکائے گئے تھے جن پر لکھا تھا”ہم کمشیریوں سے زیادہ محفوظ ہیں” جانوروں کے گلے میں لٹکائے گئے بینرس پر لکھا تھا۔ “میں سنگھ پریوار کی گائے ہوں۔ میں کشمیریوں سے زیادہ محفوظ ہوں ۔” میں راشٹرپتی بھون کا گھوڑا ہوں۔ میں کشمیریوں سے زیادہ محفوظ ہوں ۔ میں گاندھی جی کی بکری ہوں۔ میں کشمیریوں سے زیادہ محفوظ ہوں ۔ تاہم جب انجینئر رشید نے جانوروں کا جھنڈ کا رخ تاریخی لال چوک کی طرف موڑنے کی کوشش کی تب پولیس حرکت میں آگئی اور انہیں حراست میں لے لیا۔ انجینئر رشید جو ایک آزاد رکن اسمبلی بھی ہیں، جموں و کشمیر اسمبلی کے گزشتہ اجلاس کے دوران اس وقت سرخیوں کی زینت بنے جب انہوں نے اسمبلی کے اجلاس سے ایک دن قبل سری نگر کے ایم ایل ہاسٹل میں بیف پارٹی کا اہتمام کیا تھا جس کے بعد انہیں بی جے پی کے چند ارکان نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ انجینئر رشید اپنے حامیوں اور جانوروں کے ایک ریوڑ جس میں ایک گائے ، ایک گھوڑا اور ایک بکری شامل تھی ۔ کے ہمراہ شیر کشمیر پارک کے قریب نمودار ہوئے ۔ انجینئر رشید کی قیادت میں اے آئی پی کے حامیوں نے کشمیر میں سیکوریٹی فورسز اور ریاستی پولیس کی جانب سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف نعرے بازی کے درمیان تاریخی لال چوک کی جانب پیش قدمی شروع کی ۔ تاہم جب ریالی کے شرکاء ریزیڈنسی روڈ پر واقع پریس کالونی کے قریب پہنچے تو پولیس نے حرکت میں آکر اے آئی پی حامیوں اور انجینئر رشید کو حراست میں لے کر پولیس تھانہ کوٹھی باغ منتقل کیا۔

Kashmir Legislator Rashid Leads Unique Protest On Human Rights day

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں