اجودھیا میں پتھر لائے جانے کی خبروں کی وزیر اعلیٰ اکھیلیش نے خود نوٹس لیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-23

اجودھیا میں پتھر لائے جانے کی خبروں کی وزیر اعلیٰ اکھیلیش نے خود نوٹس لیا

لکھنؤ
ایس این بی
وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے اجودھیا کے کارسیوک پورم میں پتھر لائے جانے سے متعلق میڈیا میں آئی خبروں کا از خود نوٹس لیتے ہوئے آج منگل کو اپنے سرکاری بنگلے پر چیف سکریٹری، پرنسپل سکریٹری داخلہ، ڈی جی پی ۔ ایڈیشنل ڈی جی پی امن وقانون ، ایڈیشنل ڈی جی پی انٹلی جنس، ڈی ایم اور ایس ایس پی فیض آباد کے ساتھ اعلیٰ سطح کی میٹنگ کرکے حالات کا جائزہ لیا ۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت ہر طبقہ اور ہر مذہب کی بہبود کے ساتھ ساتھ ان کے تحفظ کے لئے بھی پابند عہد ہے اور اگر سماج دشمن عناصر نے امن و امان درہم برہم کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی قیمت پر امن و امان کو برقرار رکھاجائے گا ۔ مسٹر یادو نے کہا کہ اجودھیا میں شری رام جنم بھومی ، بابری مسجد احاطے میں ہر حال میں عدالت کی ہدایتوں پر پوری سختی سے عمل اور تعمیل یقینی بنائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں امن و قانون کو درہم برہم کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی ، کیونکہ اجودھیا کا یہ معاملہ عزت مآپ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ ریاست میں ہر حال میں نظم و نسق ، سماجی اور فرقہ وارانہ خیر سگالی قائم رکھنے کے لئے ضروری ہوشیاری برتی جائے اور فرقہ وارانہ ماحول خراب کرنے والے کسی بھی عنصر کے ساتھ فوری طریقے سے سخت ترین کاروائی کرتے ہوئے سختی سے نپٹا جائے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس نہایت حساس معاملے میں کسی بھی قسم کی لاپرورہی اور کوتاہی قابل معافی نہیں ہوگی ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ سبھی اضلاع کے پولیس اور انتظامیہ افسران یقینی بنائیں کہ اس حساس معاملے کے پس پشت کوئی بھی امن و قانون اور سماجی نیز فرقہ وارانہ ماحول کو خراب نہ کرسکے ۔ انہوں نے انتظامیہ اور انٹلی جنس کو پوری مستعدی برتتے ہوئے کاروائی کرنے کی ہدایت دی۔

Ayodhya: U.P. CM meets top officials, reviews situation after Ayodhya stone deliveries

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں