تاپی گیس منصوبے سے خطہ میں امن قائم کرنے میں مدد ملے گی - پاکستان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-15

تاپی گیس منصوبے سے خطہ میں امن قائم کرنے میں مدد ملے گی - پاکستان

خصوصی طیارے سے
یو این آئی
ہندوستان پر امید ہے کہ دیرینہ ترکمانستان ، افغانستان، پاکستان، ہندوستان( تاپی) گیس پائپ لائن پر اجکٹ بالآخر حقیقت بن جائے گا ۔ نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے جو ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمد وف، افغان صدر اشرف اور پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ کل ایک اہم تقریب میں شریک تھے، تخمیناً10 بلین امریکی ڈالر گیس پائپ لائن پراجکٹ کی رکاوٹ سے پاک تکمیل پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ اس منصوبہ کی تکمیل کو یقینی بنانے میں ترکمانستان کا فی دلچسپی دکھائی ہے ۔ ہم نے2008ء میں اس تعلق سے فیصلہ لیا تھا ۔ اگر یہ پراجکٹ آگے بڑھتا ہے تو یہ ایک خوش آئند بات ہوگی۔ حامد انصاری نے اپنے ہمراہ موجود ہندوستانی صحافیوں سے یہ بات کہی۔ طالبان کے امکانی حملہ کے بارے میں خدشات کا حوالہ دینے پر انہوں نے اعتراف کیا کہ گمراہ کن عناصر ہر جگہ موجود ہیں لیکن ترکمانستان کے صدر کا کہنا ہے کہ اس منصوبہ کو انجام دیاجاسکتا ہے ۔ میرا بھی ایقان ہے کہ اسے انجام دیاجاسکتا ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم کے ساتھ اپنے تبادلہ خیال کے بارے میں ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ میٹنگ نہایت خوشگوار رہی اور ہند۔ پاک تعلقات صحیح پٹری پر رہیں ۔ تاپی پراجکٹ ہندوستان اور وسطی ایشیا کے درمیان قدیم تجارتی راستہ کے احیاء کا سبب بنے گا جسے صدیوں پہلے برطانیہ نے بند کردیا تھا ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ نئی دہلی اور ترکمانستان کے دارالحکومت کے درمیان3گھنٹوں کا فاصلہ ہے ۔ اس دوران پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے ہی دہشت گردی کا خاتمہ کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاپی گیس منصوبے سے وسطی و جنوبی ایشیا ء کے ممالک مزید قریب آجائیں گے جس سے خطہ میں امن کے قیام میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ترکمانستان کے دو روزہ دورہ سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان میں تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے اور یہ منصوبہ2018ء میں مکمل ہوگا ، جس سے توانائی منصوبوں میں ایک ارب ڈالر کی بچت ہوگی اور اس سے چار ممالک نہیں بلکہ ارد گرد کے بہت سے ممالک مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے کہا تاپی گیس پائپ منصوبہ پر10ارب ڈالر لاگت آئے گی ، خرچ ہونے والی لاگت کا85فیصد حصہ ترکمانستان اور پانچ فیصد پاکستان ادا کرے گا جب کہ یہ منصوبہ خطہ میں نمایاں تبدیلی کا سبب ہوگا جس کی تکمیل کے بعد مہنگے تیل کی جگہ سستی گیس لے لے گی۔

TAPI project would bring peace and promote trade in the region

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں