ڈونالڈ ٹرمپ کے برطانیہ میں داخلہ پر پابندی کا مطالبہ - یو اے ای میں ڈونالڈ پروڈکٹس کا بائیکاٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-10

ڈونالڈ ٹرمپ کے برطانیہ میں داخلہ پر پابندی کا مطالبہ - یو اے ای میں ڈونالڈ پروڈکٹس کا بائیکاٹ

لندن
رائٹر
تقریبا ایک لاکھ سے زائد برطانوی شہریوں نے ایک آن لائن پیٹیشن پر دستخط کیا ہے، جس میں امریکی ری پبلکن صدارتی امید وار ڈونالڈ ٹرمپ کے ملک میں داخل ہونے پر پابندی لگانے کا مطالہ کیا گیا ، جنہوں نے امریکہ میں مسلمانوں کے داخلہ پر پابندی کی تجویز پیش کی ہے۔ خیال رہے کہ کیلی فورنیا میں فائرنگ میں بے قصور افراد کی ہلاکتوں کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ میں مسلمانوں کے داخلہ پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اپنے متنازعہ بیان کی دنیا بھر میں مذمت کیے جانے کے بعد ٹرمپ نے کل اپنی تجویز کا دفاع کیا ہے ۔ برطانوی شہریوں کی پٹیشین میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ نے منافرت پھیلانے والے متعدد افراد کے خلاف پابندی عائد کررکھی ہے ۔ اگر حکومت برطانیہ ایسے افراد کے خلاف اپنے عدم تسلیم کے اصول کے نفا ذ کو جاری رکھنا چاہتی ہے ، تواس کو امیر و غریب اور کمزور اور طاقتور دونوں طبقات پر مناسب طور پر نافذ کیاجانا چاہئے ۔ واضح رہے کہ برطانوی وزارت داخلہ کے پاس ایسے افرا دکو ملک میں داخل ہونے سے روکنے کا اختیار ہے ، جر برطانوی حکومت کے خیال میں ناقابل تسلیم سلوک اختیار کرتے ہیں۔ ماضی میں ایسے متعدد افراد پر پابندی عائد کی جاچکی ہے جن کے نفرت آمیز بیانات سے مختلف فرقوں کے مابین تشدد پیدا ہونے کا خطرہ ہوسکتا تھا ۔ برطانویوں کی اس پٹیشن پر آج تقریبا ایک لاکھ افراد نے دستخط کئے ہیں اور یہ تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ برطانیہ میں حکومت ایسی پٹیشنوں کو قابل اعتناء سمجھتی ہے جس پر10ہزار سے زیادہ لوگ دستخط کرنے والے ہوتے ہیں اور اگر دستخط کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرجائے تو پر اس کو پارلیمانی بحث میں زیر غور لایاجاسکتا ہے ۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے ایک ترجمان نے کل کہا کہ کیمرون یہ سمجھتے ہیں کہ ڈونالڈ ٹرمپ کا تبصرہ فرقہ پرست ، غیر مفید اور بالکل غلط ہے ۔ برطانیہ میں مسلم آبادی تقریبا27لاکھ ہے ۔ اسی دوران دبئی کے لینڈ مارک گروپ نے کہا کہ وہ ری پبلکن صدارتی امید وار کے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان کے رد عمل میں اپنے شیلف سے ڈونالڈ ٹرمپ کے پروڈکٹس کو ہٹا رہی ہے ۔ لینڈ مارک اور ڈی آئی ہوم مارکس انٹر نیشنل ایل ایل سی نے کویت، متحدہ عرب امارات ، سعودی عرب اور قطر میں ٹرمپ کے گھریلو پروڈکٹس بشمول لائٹنگ، آئینے اور جیولیری باکس فروخت کرنے کے لئے ایک خصوصی معاملت کی ہے ، لیکن ڈونالڈ ٹرمپ کے مسلم دشمن بیان کے بعد گروپ نے ٹرمپ ہوم کے تمام پروڈکٹس کی فروخت معطل کردی ہے ، تاہم گروپ نے معاملت کی لاگت کی تفصیلات نہیں بتائی ۔ لائف اسٹائل کے متحدہ عرب امارات ، پاکستان، یمن، لیبیا اور تنزانیہ میں190سے زائد اسٹورس ہیں۔

Over 270,000 Sign 'Ban Trump From UK' Petition

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں