ہند و پاک مشیران قومی سلامتی کی بنکاک میں ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-07

ہند و پاک مشیران قومی سلامتی کی بنکاک میں ملاقات

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
ہندوستان پاکستان کے درمیان تعلقات پر جمی برف اچانک آج اس وقت پگھلی جب دونوں ممالک کے مشیران قومی سلامتی نے بنکاک میں چار گھنٹے تک ملاقات کی اور دہشت گردی ، جموں اور کشمیر اور دیگر ذو سطح موضوعات پر بات چیت کی اور اس تعمیری بات چیت کو آگے بڑھانے کا فیصؒہ کیا۔ قومی سلامتی مشیر اجیت دیول اور ان کے پاکستانی ہم منصب ناصر جنجوعہ ان کے وزارت خارجہ کے معتمدین ایس جئے شنکر اور اعزاز احمد چودھری نے تھائی لینڈ کے دارالحکومت میں یہ طویل ملاقات کی۔ یہ ملاقات پیرس میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظموں کی ملاقات کے صرف چھ دن بعد ہوئی جس میں معطل شدہ بات چیت کے احیاء کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات کے بعد جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یہ ملاقات انتہائی خلوص اور قلبی اور تعمیری ماحول میں انجام پائی ۔ اس ملاقات میں امن اور سلامتی ، دہشت گردی جموں و کشمیر اور دیگر موضوعات پر بات چیت کی گئی جس میں لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی بھی شامل ہے ۔ ایک غیر جانبدار مقام کا انتخاب اس لئے کیا گیا کہ تاکہ پچھلی مرتبہ جس طرح سرتاج عزیز کا دورہ چند تنازعات کی بناء پر منسوخ ہوگیا اس واقعہ کا اعادہ نہ ہو ، پچھلی مرتبہ ہندوستان کی جانب سے اس موقف کے بعد کے سرتاج عزیز کو علیحدگی پسندوں سے ملنے نہیں دیاجائے گا، پاکستانی وفد نے اپنا دورہ منسوخ کردیا تھا ۔ ہندوستانی ذرائع نے کہا کہ بنکاک کو دونوں ہی فریقوں کی جانب سے سہولت کی خاطر منتخب کیا گیا ۔ جیسا کہ معتمد خارجہ پہلے ہی سے جاپانی وزیر اعظم کے دورہ ہند کے تئیں ٹوکیوں میں تھے اور پاکستانی وفد بھی وہاں دورہ کررہا تھا ، یہ طے کیا گیا کہ دونوں ہی فریقین کی سہولت کی خاطر بنکاک میں ملاقات کرلی جائے ۔ بنکاک میں اس ملاقات سے ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج کے بھی دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہوگئی جو اس ہفتہ اسلام آباد میں افغانستان کے موضوع پر منعقد ایک ہمہ ملکی کانفرنس میں شرکت کرنے والی ہیں ۔ بنکاک میں ہوئی اس ملاقات سے یہ بھی بات صاف ہوگئی کہ پیرس میں ہوئی دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی ملاقات کوئی اتفاق نہیں تھی ۔ ہندوستان نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ایک خیر سگالی ملاقات تھی ، جب کہ بعد میں پاکستانی وزیر اعظم نے میڈیا سے کہا تھا کہ یہ ایک اچھی ملاقات تھی اور بات چیت کے دروازے کھلنے چاہئیں دونوں ہی جانب سے اس بات کے عندیہ کے بعد کہ اس تعمیری بات چیت کو آگے بڑھایاجائے گا، صاف ظاہر ہے کہ دونوں ہی نے معطل شدہ بات چیت کی بحالی کے لئے ایک روڈ میاپ طے کرلیا ہے اور سشما سوراج کے پاکستان دورہ کے بعد مزید چیزیں سامنے آئیں گی ۔

National Security Advisers of India and Pakistan meeting in Bangkok

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں