وزیر فینانس پر محکمہ انکم ٹیکس کو اشارہ دینے کا الزام - کپل سبل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-13

وزیر فینانس پر محکمہ انکم ٹیکس کو اشارہ دینے کا الزام - کپل سبل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس کے سینئر قائد کپل سبل نے وزیر فینانس ارون جیٹلی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے نیشنل ہیرالڈکیس کو انکم ٹیکس قوانین کے تحت ایک جرم اور غیر قانونی حرکت قرار دے کر محکمہ انکم ٹیکس کو ان کے موکل کے خلاف نوٹس جاری کرنے کا اشارہ دیا ہے ۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کپل سبل نے کانگریس پر دھوکہ دہی اور نیشنل ہیرالڈ سے رقومات کی ہیرا پھیری کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ کا پارلیمنٹ میں تعطل سے کوئی سروکار نہیں۔ وزیر فینانس اپنے بلاگ اور فیس بک پر اس معاملہ کو انکم ٹیکس ایکٹ کے تحت ایک جرم قرار دیتے ہیں۔ وہ ملک کے وزیر فینانس ہیں، کیا انہیں ایسے بیانات دینے کا کوئی حق یا اختیار ہے ۔ آج تک ایجنڈہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کپل سبل نے کہا کہ در حقیقت وہ محکمہ انکم ٹیکس کو اس بات کا اشارہ دے رہے ہیں کہ میرے موکلین کو نوٹس روانہ کی جائے ۔ بھلا نیشنل ہیرالڈ کا پارلیمنٹ میں تعطل سے کیا سروکار ہوسکتا ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ کانگریس پارٹی سیاسی انتقامی کارروائی کے جواز پر پارلیمنٹ کے اجلاس میں تعطل پیدا کررہی ہے ۔ سبل نے بی جے پی زیر اقتدار مہاراشٹرا اور ہریانہ کے وزرائے فینانس کے تبصرہ کے حوالہ سے یہ بات کہی کہ انہوں نے نیشنل ہیرالڈ کی ملکیت اور لیز منسوخ کردینے کی سفارش کی تھی ۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا یہ سیاسی انتقامی کارروائی نہیں ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس ، نیشنل ہیرالڈ کی اشاعت جاری رکھنے اور اس کے احیاء کی پابندہے کہ اس اخبار کو1938میں جواہر لال نہرو نے شائع کرنا شروع کیا تھا ۔نیشنل ہیرالڈ کیس میں دھوکہ دہی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ۔ ینگ انڈین، سیکشن25کمپنی ہے جس کا مطلب یہ نکلتا ہے کہ اس کے حصص داروں کی اس کی رقومات میں کوئی حصہ داری نہیں ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نہ تو کسی نے رقومات کا فائدہ اٹھایا اور نہ ہی کوئی نقصانات سے دوچار ہوا ۔ کپل سبل ایک مشہور وکیل بھی ہیں اور علاوہ ازیں وہ سابق مرکزی وزیر بھی رہ چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس جی ایس ٹی بل کو پارلیمنٹ میں منظور کروانے کے خواہاں ہیں ۔ تاہم حکومت کو قبل ازیں مجوزہ قانون سازی سے متعلق اس کی تین سفارشات کو قبول کرلینا چاہئے ۔ پارلیمنٹ کی کارروائی جاری رہنی چاہئے اور ہم اس کی مکمل تائید کرتے ہیں ۔ ایک انتہائی سینئر بی جے پی قائد نے ایک جمہوری اصول قائم کیا ہے کہ پارلیمنٹ میں تعطل، پارلیمانی حکمت عملی کا ایک حصہ ہے ۔ جمہوریت کی تاریخ میں کبھی کسی قائد نے ایسی کوئی بات نہیں کی ۔ ہم نے جی ایس ٹی پر کیا کہا۔ ہم جی ایس ٹی کو نقائص سے پر بنانے کے حق میں نہیں ۔ ہم نے اسی خیال سے جی ایس ٹی سے متعلق تین سفارشات پیش کی ہیں ۔ ہم نے صرف یہی مطالبہ کیا ہے کہ ان سفارشات پر غور کیاجائے اور ہمارے ساتھ مشاورت کے بعداس کا نفاذ عمل میں لایاجائے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے تبصروں کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا تعلق عام افراد یعنی عوام سے ہے جسے پارلیمنٹ میں منظوری نہیں دئیے جانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

Kapil Sibal charges Finance Minister with giving hints to IT department in National Herald Case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں