ہندوستان میں کروڑوں مسلمان ، امن پسند ۔ امریکہ کی جنگ کسی مذہب کے خلاف نہیں : ٹیڈکروز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-17

ہندوستان میں کروڑوں مسلمان ، امن پسند ۔ امریکہ کی جنگ کسی مذہب کے خلاف نہیں : ٹیڈکروز

واشنگٹن
پی ٹی آئی
ری پبلکن صدارتی امید وار بنیاد پرست اسلام سے لاحق خطرہ پر گرما گرم بحث میںمصروف ہیں ایسے میں پارٹی کے سرکردہ امید وار ٹیڈ کروز نے ہندوستان کی مثال دی ہے اور کہا ہے کہ وہاں کروڑوں مسلمان ایسے کسی مسئلہ کے بغیر امن سے رہتے ہیں ۔ انہوں نے ڈونالڈ ٹرمپ کی مسلم امیگرنٹس پر امتناع کی رائے سے اختلاف کیا ہے ۔ 44سالہ کروز نے کہا کہ دنیا بھر میں اور ہندوستان جیسے ممالک میں کروڑوں امن پسند مسلمان ہیں جہاں وہ مسئلہ در پیش نہیں ہے جو ہم القاعدہ یا اسلامک اسٹیٹ کے زیر کنٹرول ممالک میں دیکھ رہے ہیں۔ ہمیں مسئلہ پر راست توجہ مرکوز کرنی ہوگی اور بنیاد پرست اسلامی دہشت گردی کو شکست دینی ہوگی ۔ لاس ویگاس میں پانچویں صدارتی بحث میں حصہ لیتے ہوئے جو جاریہ سال کی آخری ہے ، کروز نے کہا کہ یہ کسی مذہب کے خلاف جنگ نہیں ہے ۔ یہ اس سیاسی و مذہبی آئیڈیا لوجی کے خلاف جنگ ہے جو امریکیوں کو قتل کرنا چاہتی ہے ۔ٹیکساس کے سنیٹر کروز کی مقبولیت حالیہ ہفتہ بڑھی ہے لیکن وہ ٹرمپ سے ہنوز پیچھے ہیں جنہوں نے دوران بحث اعادہ کیا کہ امریکہ میں مسلمانوں کے داخلہ پر عارضی امتناع عائد ہو ۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہم مذہب کی بات نہیں کررہے ہیں۔ ہم سیکوریٹی کی بات کررہے ہیں ۔ ہمارا ملک قابو سے باہر ہے۔ جنوبی سرحد سے لوگ چلے آرہے ہیں ۔میں ایک دیوار تعمیر کروں گا ۔ یہ بڑی دیوار ہوگی ۔ لوگ قانونی طور پر ہی آسکیں گے ۔ منشیات اس دیوار کو پھلانگ نہیں سکیں گی ۔ جہاں تک مائیگریشن میں دوسروں کا تعلق ہے وہ کہاں جارہے ہیں ۔ہزاروں لوگوں کے سل فون میں اسلامک اسٹیٹ کے جھنڈے ہیں۔ میں نہیں سمجھتا ۔ وہ اس ملک میں نہیں آرہے ہیں ۔ اگر میں صدر بن گیا اور اوباما نے کچھ کو اس ملک میں لایا ہے تو وہ جاچکے ہوں گے ۔ 69سالہ ٹرمپ نے زور دے کر یہ بات کہی۔ کروز نے کہا کہ امریکہ، حالت جنگ میں ہے ۔ ہمارا دشمن پر تشدد انتہا پسندی نہیں ہے ۔ یہ بنیاد پرست اسلامی دہشت گرد ہے ۔ ہمارا صدر ایسا ہے جو اس کا نام لینے تک کو تیار نہیں۔ ایک اور ریپبلکن صدارتی امید وار بین کرسن نے کہا کہ ہم بنیاد پرست اسلامی جہادیوں کے خلاف اب جو جنگ لڑرہے ہیں وہ ہمیں جیتنی ہوگی ۔ ہماری بقا اس پر منحصر ہے ۔ سابق گورنر فلوریڈا جیب بش نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں مسلمانوں کی بڑی تعداد امریکہ کے لئے لڑ رہی ہے ۔


'Muslims In India Are Peaceful': Ted Cruz Reacts To Donald Trump Quoting India Example

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں