ھدیٰ اسلامی ڈائجسٹ کے مدیر اور بزرگ صحافی احمد مصطفی صدیقی راہی کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-07

ھدیٰ اسلامی ڈائجسٹ کے مدیر اور بزرگ صحافی احمد مصطفی صدیقی راہی کا انتقال

Maulana-Ahmad-Mustafa-Siddiqui-Rahi
اردو صحافت کے سب سے بزرگ صحافی احمد مصطفی راہی کا طویل علالت کے بعد 85 برس کی عمر میں آج 6/دسمبر کو انتقال ہو گیا۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ فرزندان اور ایک دختر شامل ہیں۔
مولانا کی نماز جنازہ بستی حضرت نظام الدین کی چکر والی مسجد میں ادا کی گئی اور تدفین بعد نماز عصر تاریخی پنج پیراں قبرستان میں عمل میں آئی۔ ان کی تدفین میں بزرگ شاعر آنند موہن زتشی گلزار دہلوی، معصوم مرادآبادی، فاروق ارگلی، ڈاکٹر عقیل احمد، متین احمد سمیت بڑی تعداد میں ادبی، سماجی، مذہبی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
سن 1930 میں سرزمین دیوبند میں پیدا ہوئے احمد مصطفیٰ صدیقی راہی نے اپنے صحافتی کیرئر کی شروعات روزنامہ "نئی دنیا" سے کی تھی۔ وہ مولانا عبدالوحید صدیقی کے سب سے بڑے فرزند اور معروف صحافی شاہد صدیقی کے بڑے بھائی تھے۔ ان کے بڑے فرزند سہیل صدیقی بھی صحافت کے میدان سے وابستہ ہیں۔
مولانا احمد مصطفی صدیقی راہی اردو صحافت کے ایک ایسے ستون تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی ملک و ملت ، اسلام اور اردو صحافت کی خدمت کے لیے وقت کر دی تھی۔ راہی صاحب روزنامہ "نئی دنیا" کے بانی پرنٹر پبلشر تھے۔ اس کے علاوہ ہما اردو ڈائجسٹ، ھدیٰ اسلامی ڈائجسٹ اور ہدف تاریخی ڈائجسٹ کے بانی مدیران میں ان کا شمار ہوتا تھا۔ مولانا عبدالواحد صدیقی کے ساتھ ندائے حق بلند کرتے ہوئے انہوں نے متعدد بار جیل کی صعوبتیں برداشت کی تھیں۔

نئی دہلی سے ایس۔این۔بی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب راہی صاحب کی اسلامی تاریخ پر گہری نظر تھی۔ انہوں نے اردو میں ماہنامہ "ہدیٰ" اور ہندی میں اسلامی میگزین "طہٰ" کے ذریعے دین کی خدمت اور اسلامی شعار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی ادارت میں ہما اردو ڈائجسٹ کے 'اردو نمبر' ، 'غالب نمبر' ، 'اقبال نمبر' ، 'علیگڑھ مسلم یونیورسٹی نمبر' جیسے درجنوں خصوصی تاریخی شمارے شائع ہوئے جو اردو دنیا کے لیے ایک گرانقدر سرمایہ ہے۔ ان کی اردو خدمات پر دہلی اردو اکادمی ایوارڈ سمیت ملک کے کئی بڑے ایوارڈ سے انہیں نوازا جا چکا ہے۔
راہی صاحب کے دو بھائیوں میں خالد مصطفیٰ صدیقی ماہنامہ "ہما" اور "پاکیزہ آنچل" کے مدیر اعلیٰ ہیں جبکہ شاہد صدیقی مدیر اعلیٰ "نئی دنیا" عالمی صحافت کا ایک معتبر نام ہے۔

Demise of Huda digest Editor Maulana Ahmad Mustafa Siddiqui Rahi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں