دہشت گردی کے خلاف ہر محاذ پر لڑنے کا عزم - شاہ سلمان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-23

دہشت گردی کے خلاف ہر محاذ پر لڑنے کا عزم - شاہ سلمان

ریاض
رائٹر
سعودی عرب نے دہشت گردی کے خلاف تشکیل دیے گئے اسلامی ممالک کے اتحاد کے مقاصد کے بارے میں کہا ہے کہ یہ اتحاد دہشت گردی کے نظریات اور عسکری محاذوں پر پوری قوت سے جنگ لڑے گا۔ کل ریاض میں کابینہ کے اجلاس کے دوران اسلامی ممالک کے عسکری اتحاد کے جملہ مقاصد کے ساتھ ساتھ اس کے تمام متعلقہ پہلوؤں پر غور کیاگیا۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے تشکیل پائے مسلم دنیا کے اتحاد کو عالمی برادری کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ اجلاس کے بعد پریس کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی ممالک کے اتحاد کی تشکیل کا مقصد دہشت گردی کے خلاف ہر محاذ پر لڑنا ہے ۔ ریاض کی قیادت میں مسلم دنیا دہشت گردی کے خلاف عسکری محاذ کے ساتھ ابلاغی اور فکری محاذوں پر بھی پوری جنگ لڑے گی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی دنیا کا عسکری اتحاد ان ممالک پر مشتمل ہے جو پہلے ہی دہشت گردی کے ناسور سے لڑ رہے ہیں۔ ان ممالک کو باہم متحدکر کے دہشت گردی کی بیخ کنی کے لئے کی جانے والی مساعی کو موثر اور نتیجہ خیز بنانا اور اس باب میں قوت مجتمع کر کے اس کے مقاصد کے حصول کی راہ ہموار کرنا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ اسلامی دنیا اس وقت مختلف ناموں اور مذہبی نظریات کے حامل مسلح دہشت گرد گروپوں، شروفساد پیدا کرنے والے عناصر اور امن استحکام کے دشمنوں میں گھری ہوئی ہے ۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی ان تمام شکلوں کو ختم کرنا مسلم دنیا کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ بیان میں سعودی حکومت نے نائیجیریا کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ برادر ملک نائیجیریا میں دہشت گردی کی حالیہ کارروائیاں اسی طرح قابل مذمت ہیں جیسے دنیا کے کسی دوسرے ملک میں ناقابل قبول ہیں۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعودی وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عادل الطریفی نے کہا کہ شاہ سلمان کی زیر صدارت اجلاس مین علاقائی اور عالمی امور ، یمن، شام اور خطہ کے دوسرے مسائل پر بات چیت کی گئی ۔ اجلاس میں شام کے بحران کے حل کے لئے سیاسی محاذوں پر مساعی موثر بنانے اور شام کا بحران پہلے جنیوا معاہدے کے تحت طے پائے طریقہ کار کے مطابق حل کرنے پر زور دیا گیا ۔ بیان میں سعودی عرب کی جانب سے یمن میں حوثی باغیوں کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ بیان میں ریاض حکومت نے یمن میں فریقین پر زور دیا کہ وہ جنیوا میں جاری امن مذاکرات کامیاب بنانے کے لئے جنگ بندی کی شرائط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔

King Salman vows to fight against terrorism

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں