ہند و پاک بات چیت میں تیسرے فریق کا کوئی رول نہیں - ہندوستان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-22

ہند و پاک بات چیت میں تیسرے فریق کا کوئی رول نہیں - ہندوستان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان نے یہ واضح کردیا ہے کہ ہند۔ پاک بات چیت میں تیسرے فریق کا کوئی رول نہیں ہے ۔ دوسری جانب پاکستان اپنے اس موقف پر قائم ہے کہ وہ کشمیری علیحدگی پسند قائدین سے بات چیت اور ربط ضبط برقرار رکھے گا ۔ وہ ان قائدین کو کشمیریوں کی آواز سے تعبیر کرتا ہے۔ حکومت کے اعلیٰ سطحی ذرائع نے آج کہا کہ وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر جس بات سے ہم نے اتفاق کیا ہے، وہ باہمی جامع مذاکرات ہیں۔ چنانچہ یہ باہمی معاملہ ہے، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات میں کسی تیسرے فریق کا کوئی رول نہیں ہے۔ ذرائع نے یہ بات اس وقت کہی جب پوچھا گیا کہ اگر مستقبل میں پاکستانی وفد حریت قائدین یا کشمیری علیحدگی پسند لیڈروں سے دوبارہ ملاقات کی کوشش کرے تو حکومت ہند کا کیا رد عمل ہوگا؟ یاد رہے کہ آئندہ ماہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان معتمدین خارجہ کی سطح پر مذاکرات ہونے والے ہیں ۔ ہندوستان کا یہ بیان اس پس منظر میں اہمیت رکھتا ہے کہ وزیر خارجہ سشما سوراج کے حالیہ دورہ اسلام آباد کے بعد ایک موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا تھا کہ حریت قائدین کے تعلق سے اسلام آباد کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ کیونکہ وہ کشمیریوں کی آواز کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ عبدالباسط نے ساتھ ہی یہ امید بھی ظاہر کی کہ اگر رکاوٹیں ہوں تو تب بھی مذاکراتی عمل بند نہیں ہوگا ۔ عبدالباسط سے پوچھا گیا کہ آیا ہندوستان اور پاکستان کے درمیان نئی دہلی میں مذاکرات ہوں تو کیا اس مو قع پر پاکستان ، حریت قائدین کو ڈنر پر مدعو کرے گا تو انہوں نے کہا کہ حریت کشمیری عوام کی تمناؤں کی نمائندگی کرتی ہے ، جہاں تک ہمارا تعلق ہے ان کی تئیں ہماری پالیسی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔

India Sees No Role for a Third Party in Indo-Pak Talks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں