جی ایچ ایم سی انتخابات - اعلامیہ کی اندرون 3 یوم اجرائی متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-29

جی ایچ ایم سی انتخابات - اعلامیہ کی اندرون 3 یوم اجرائی متوقع

حیدرآباد
منصف نیو ز بیورو
گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی)کے 150وارڈز کے انتخابات کا اعلامیہ اندرون2یا3یوم جاری کیاجائے گا۔ یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر اسٹیٹ الیکشن کمیشن ناگی ریڈی نے یہ بات کہی ۔ ناگی ریڈی نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے انتخابات کا اعلامیہ ادرون دو یا تین دن جاری کردیاجائے گا۔ اس کے لئے تمام تر تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ سرکل سطح پر وارڈز کی از سر نو حد بندی کے میاپ تیار کئے گئے ہیں ۔ 150وارڈز کی از سر نو حد بندی کا قطعی اعلامیہ بھی جاری کیا جاچکا ہے ۔ فہرست رائے دہندگان کی تصحیح کا کام مکمل کرلیاگیا ہے۔ بی سی رائے دہندوں کی شناخت کا عمل پورا ہوچکا ہے ۔ اب صرف ایسے افراد کو ووٹر لسٹ میں نام درج کرانے کی سہولت رہے گی جن کے نام فہرست میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک وارڈز کو محفوظ قرار دینے کا کام ہے اس کو حکومت آندھر اپردیش پایہ تکمیل تک پہونچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست الیکشن کمیشن31جنوری سے قبل جی ایچ ایم سی کے انتخابات کا عمل پورا کرنے کے لئے تیارہے۔ حکومت نے اے پی ہائیکورٹ میں حلفنامہ داخل کرتے ہوئے 31جنوری تک انتخابی عمل کو مکمل کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ ہم حکومت کے وعدے کو پورا کریں گے۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے سبب جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں تاخیر ہوئی ہے ۔ حیدرآباد بڑا شہر ہے یہ سنگا پور کی طرح بڑا شہر ہے۔ انتخابات کے لئے کچھ وقت چاہئے تھا۔ ناگی ریڈی نے کہا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے نقاص سے پاک انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے وسیع تر انتظامات کئے جائیں گے ۔ ایک لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین بشمول پولیس عملہ کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گاجن میں80ہزار ملازمین جو مختلف محکمہ جات سے وابستہ ہیں ، کو انتخابی ڈیوٹی پر طلب کیاجائے گا جب کہ26ہزار پولیس ملازمین کو بھی متعین کیاجائے گا۔ ناگی ریڈی نے کہا کہ آج جی ایچ ایم سی انتخابات کے سلسلہ میں جنرل اور مصارف مبصرین کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کیاگیا جس میں کمشنر جی ایچ ایم سی جناردھن ریڈی نے بھی شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد پہلی بار جی ایچ ایم سی کے انتخابات منعقد کیے جارہے ہیں ۔ یہ انتخابات تاریخی رہیں گے کیونکہ ان انتخابات میں ریاست کا ایک تہائی حصہ شرکت کرتا ہے۔ عام طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ عام انتخابات کے بہ نسبت بلدی انتخابات میں رائے دہی کی شرح کافی کم درج ہوتی ہے ۔ دوسری طرف اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہین ۔ اس سلسلہ میں عوام میں شعور بھی بیدار کیاجارہا ہے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کمیشن کے ویب پورٹل سے استفادہ کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان میں اپنے نام تلاش کریں اور مرکز رائے دہی کے متعلق معلومات حاصل کریں ۔ غلطی کی صورت میں اس کی تصحیح کروالیں ۔ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے آخری انتخابات 2009میں منعقد ہوئے تھے ۔ سابق انتخابات میں بی جے پی ، کانگریس، تلگو دیشم ، ایم بی ٹی اور پرانے شہر کی مسلم جماعت نے حصہ لیا جس میں کانگریس کے52، تلگو دیشم کے45، پرانے کی مسلم جماعت کے43، بی جے پی کے5، پی آر پی کا ایک اور دیگر4، کارپوریٹرس منتخب ہوئے تھے ۔ آنے والے جی ایچ ایم سی کے انتخابات ، پہلے کے انتخابات سے مختلف ہوں گے ۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد ٹی آر ایس ، ریاست کی بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے اور2014کے اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس نے سب سے زیادہ نشستیں جیتی ہیں۔ سابق میں جی ایچ ایم سی کے الیکشن میں پی آر پی نے حصہ لیا تھا مگر اب اس پارٹی کا وجود باقی نہیں رہا ۔

GHMC poll notification in three-four days: SEC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں