کجریوال کے طاق اور جفت عدد کے منصوبے پر روک لگانے سے دہلی ہائی کورٹ کا انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-10

کجریوال کے طاق اور جفت عدد کے منصوبے پر روک لگانے سے دہلی ہائی کورٹ کا انکار

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی ہائی کورٹ نے آج عام آدمی پارٹی حکومت کی جانب سے آلودگی پر قابو پانے یکم جنوری سے شہر کی سڑکوں پر خانگی گاڑیوں کو چلائے جانے پر تحدیدات کے منصوبے کے خلاف دائر کی گئی مفاد عامہ کی درخواستوں پر عبوری ہدایت جاری کرنے سے انکار کردیا۔ چیف جسٹس جی روہنی اور جسٹس جینت ناتھ پر مشتمل بنچ نے ان مفاد عامہ کی درخواستوں کو قبل از وقت قرار دیا اور کہا کہ حکومت دہلی نے ایک تجویز پیش کی ہے ۔ جس پر یکم جنوری2016سے15دن کے لئے آزمائشی طور پر عمل کیاجائے گا ، لہذا انہیں اسے آزمانے دیں ۔ بنچ نے زبانی کہا کہ یہ صرف آزمائشی طور پر نافذ کی جائے گی ۔ انہوں نے ایک تجویز پیش کی ہے کہ جس پر سماج کے مختلف گوشوں سے تجاویز بھی طلب کی گئی ہیں ۔ اس ضمن میں ملاقاتیں کی جارہی ہیں ۔ دیکھتے ہیں کہ مختلف فریق کیا تجاویز پیش کرتے ہیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ ابھی تک کوئی اعلامیہ بھی جاری نہیں کیا گیا ہے ۔ ایسا کوئی اعلامیہ آنے دیں ۔ پھر ہم دیکھیں گے ۔ ہم دو ہفتے بعد اس معاملہ کی سماعت کرین گے اور اس وقت تک مختلف تجاویز بھی حکومت تک پہنچ جائیں گی۔ بنچ نے اس معاملہ کی مزید سماعت 23دسمبر کو مقرر کی ۔ بنچ نے یہ بھی کہا کہ مدعیہ علیہ( حکومت دہلی) پر دباؤ ڈالنے ان مفاد عامہ کی درخواستوں کا استعمال نہ کیاجائے۔ شویتا کپور اور سرویش سنگھ نامی دو افراد نے مفاد عامہ کی درخواستیں داخل کی تھیں اور اس پالیسی پر روک لگانے کی ہدایت جاری کرنے کی خواہش کی تھی، جس پر عدالت نے یہ زبانی احکام جاری کے ۔ دریں اثناء دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے مطابق حکومت دہلی نے مبینہ طور پر2۔2لاکھ روپے کی رشوت طلب کرنے پر سی آئی کی جانب سے گرفتار کئے جانے کے ایک دن بعد آج پرنسپال سکریٹری سنجے پرتاپ سنگھ کو معطل کردیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا نے کہا کہ حکومت کرپشن میں ملوث پائے جانے والے کسی شخص کو بھی نہیں بخشے گی ۔ محکمہ ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتوں کے پرنسپال سکریٹری سنجے پرتاپ سنگھ اور ان کے شخصی مددگار کو سی بی آئی نے کل رات گرفتار کیا۔ قبل ازیں شکات گزار نے چیف منسٹر اروند کجریوال کے دفتر سے رجوع ہوکر شکایت درج کرائی تھی ۔ حکومت دہلی کے ایک عہدیدار کے مطابق حکومت نےAGMUTکیڈر کے1984ء بیاچ کے آئی اے ایس عہدیدار سنجے پرتاپ سنگھ کو معطل کردیا ہے اور ان کی خدمات وزارت داخلہ کو واپس کردی ہیں ۔ حکومت نے کہا ہے کہ اسے سنگھ کی خدمات درکار نہیں ۔ سی بی آئی نے سیکوریٹی گارڈ اور دیگر انسانی وسائل فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے مالک سے بلوں کی منظوری کے لئے2۔2لاکھ روپے کی رشوت مبینہ طور پر طلب کرنے پر اس آئی اے ایس عہدیدار کو گرفتار کیا تھا ۔ سی بی آئی کے جوانوں نے سنگھ اور ان کے شخصی مددگار کو جال بچھا کر گرفتار کیا۔ حکومت دہلی کے ایک ترجمان نے کل کہا تھا کہ شکایت گزار، حال ہی میں چیف منسٹر کے دفتر سے رجوع ہوا تھا ، جس پر چیف منسٹر کے دفتر نے شکایت گزار کو اس عہدیدار کو پھنسانے کے لئے رہنمائی کی تھی اور کل رات سی بی آئی نے ایس پی سنگھ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ سی بی آئی نے چیف منسٹر کے دفتر سے موصول ہونے والے ایک مکتوب پر یہ کارروائی انجام دی۔

'Let govt try it': Delhi HC refuses to stay odd-even formula

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں