کانگریس کے ترجمان جریدے میں نہرو اور سونیا پر سخت تبصرے - مدیر برطرف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-29

کانگریس کے ترجمان جریدے میں نہرو اور سونیا پر سخت تبصرے - مدیر برطرف

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس کے131ویں یوم تاسیس سے قبل پارٹی کی ممبئی شاخ نے اس کے لئے مشکلات پیدا کردی ہیں۔ ممبئی کانگریس کے ترجمان میں سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی کشمیر پالیسی اور صدر کانگریس سونیاگاندھی پر سخت تبصرے کئے گئے ہیں اور الزام عائد کیا گیا ہے کہ سونیا گاندھی کے والد “فسطائی سپاہی” تھے۔ پارٹی کو بڑی پشیمانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کانگریس در شن میں شائع ایک مضمون میں جس پر کسی کا نام درج نہیں ہے، کہا گیا ہے کہ سونیا گاندھی کے والد اطالوی فاشسٹ گروپ کے رکن تھے جو پہلی جنگ عظیم میں روسیوں سے شکست کھا گیا تھا ۔ اس مضمون میں الزام عائد کیا گیا کہ سونیا گاندھی کے والد اسٹیفانو مائنو، فسطائی سپاہی تھے ۔ مضمون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سونیا گاندھی کس طرح فوری پارٹی صدر کے عہدہ تک پہنچ گئیں ۔ اس مضمون میں ان کی ابتدائی زندگی کی تفصیلات اور ایر ہوسٹس بننے کی ان کی تمنا کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے ۔ مضمون میں کہا گیا کہ سونیا گاندھی 1997میں کانگریس کی ابتدائی رکن بنی تھیں اور صرف62دن میں وہ پارٹی کی صدر بن گئیں ۔ انہوں نے حکومت تشکیل دینے کی ناکام کوشش بھی کی تھی ۔ پارٹی کے ممبئی یونٹ کے ایک اور جریدہ میں ایک اور بے نام مضمون میں کشمیر، چین اور تبت کے حالات کے لئے نہرو کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ اس مضمون میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی امور کے معاملہ میں نہرو کو سردار پٹیل کی بات ماننی چاہئے تھی ۔ دونوں قائدین کے تعلقات کشیدہ رہے تھے۔ پٹیل کو نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا عہدہ ملا تھا اس کے باوجود دونوں قائدین کے تعلقات کشیدہ رہے اور دونوں نے کئی بار استعفیٰ دینے کی دھمکی بھی دی تھی ۔ نہرو، امور خارجہ کے انچارج تھے اور کشمیر معاملہ کو انہوں نے اپنے پاس ہی رکھا تھا لیکن پٹیل بحیثیت نائب وزیرا عظم ، کابینہ کے چند اجلاسوں میں شریک ہوئے تھے ۔ مضمون میں کہا گیا ہے کہ اگر پٹیل کی دور اندیشی کو ذہن میں رکھ گیا ہوتا تو آج کے حالات کبھی پیدا نہیں ہوتے ۔ میگزین میں اور بھی بہت سی حیران کن باتیں کہی گئی ہیں ۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ پٹیل کی رائے نہ ماننے کی وجہ سے نہرو نے چین، تبت اور نیپال جیسے بین الاقوامی معاملات کو درہم برہم کردیاتھا ۔ اسی دوران پارٹی قائد سنجے نروپم نے جو کانگریس درشن کی ادارت کا کام سنبھالتے ہیں اور ایم آر سی سی کے صدر اور کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ ہیں، اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ پارٹی ترجمان کانگریس درشن میں چند مضامین قابل اعتراض ہیں ۔ کانگریس نے آج کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ سنجے نروپم نے جو شیو سینا کے ترجمان دوپہر کا سامنا کے بھی ایڈیٹر رہ چکے ہیں ، کہا کہ چند مضامین میں استعمال کردہ الفاظ انتہائی قابل اعتراض ہیں ۔ میں اس غلطی کو قبول کرتا ہوں ۔ نروپم نے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ ادارتی ٹیم کے خلاف جو اس غلطی کی ذمہ دار ہے ، سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔ اسی دوران اس مضمون پر ہونے والی بد نامی کے بعد کاروائی شروع ہوگئی ہے ۔ کانگریس درشن کے کنٹینٹ ایڈیٹر سدھیر جوشی کو برخواست کردیا گیا ہے ۔ دریں اثناء نئی دہلی سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب کانگریس کے131ویں یوم تاسیس پر آج پارٹی صدر سونیا گاندھی نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں کانگریس کا پرچم لہرایا ۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر میں منعقد اس تقریب کے دوران کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی اور سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ بھی موجود تھے ۔ کل ہند کانگریس کے خازن موتی لال ووہرا، احمد پٹیل ، جناردھن دویدی ، آنند شرما اور سلمان خورشید سمیت کئی سینئر قائدین نے شرکت کی اس موقع پر پارٹی صدر، نائب صدر اور سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ نے بچوں کے درمیان مٹھائیاں تقسیم کیں۔ ملک کی آزادی کی لڑائی میں اہم رول ادا کرنے والی کانگریس پارٹی کا قیام آج ہی کے دن ممبئی میں ڈاکٹر اے او ہیوم نے کیا تھا اور ڈبلیو سی بنرجی اس کے پہلے صدر بنے تھے ۔ اس موقع پر احمد پٹیل نے کہا کہ آج کانگریس نے عوامی خدمات کے130سال کی تکمیل کرلی ۔ اس موقع پر کانگریس کے تمام مردو خواتین ارکان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ کانگریس کے131برس میں داخل ہونے پر پارٹی کے لئے بے لوث خدمات انجام دیتے ہوئے اسے بڑی جمہوری پارٹی میں تبدیل کرنے والوں کو خراج پیش کیا گیا ۔ پرچم کشائی کے موقع پر بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے ۔

Congress mouthpiece calls Sonia Gandhi's father 'fascist', slams Nehru; editor sacked

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں