تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں سردی میں اچانک اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-27

تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں سردی میں اچانک اضافہ

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں سردی میں اچانک شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ موسم سرما کے آغاز کے ساتھ اقل ترین درجہ حرارت18تا20سنٹی گریڈ ریکارڈ کیاجارہا تھا اس میں اچانک کمی وواقع ہوکر7تا8ڈگری ہوگیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب اکتوبر کے اواخر سے سردی میں اضافہ ہوجاتا تھا۔ نومبراور دسمبر میں14ڈگری کے آس پاس اقل ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا جاتا تھا ۔ دسمبر کے تیسرے چوتھے ہفتے میں بارہ یا تیرہ سنٹی گریڈ درج کیاجاتا تھا لیکن موسمی حالات کچھ اس طرح تھے کہ18ڈگری درج کیاجارہا تھا ۔ لیکن اچانک سردی زور پکڑ گئی تلنگانہ کے تمام علاقے اس لپیٹ میں آگئے ۔ عادل آباد سات ڈگری سنٹی گریڈ کے ساتھ تلنگانہ کا سرد ترین مقام رہا ۔ آندھرا پردیش میں مینا کو اور پاڈیرو( ضلع وشاکھا پٹنم میں اقل ترین درجہ حرارت چھ اور آٹھ ڈگری سنٹ گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ جنگلاتی پہاڑی علاقوں میں جس میں آرا کو بھی شامل ہے کم سے کم درجہ حرارت دو ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وہاں ان کا ریکارڈ کرنے والا مرکز قائم نہیں ہے۔ دونوں شہر حیدرآباد اور سکندر آباد بھی سردی کی شدید لپیٹ میں ہین ۔ اقل ترین درجہ حرارت12.6ڈگری سنٹی گریڈ تک گر گیا۔شدید سردی سے عوام پریشان ہیں۔ اچانک سردی کے باعث عوام میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے اور فوراً گرم کپڑے نکال کر اس کا استعمال شروع کردیا۔ گرم کپڑوں کا کاروبار جو سست تھا اس میں بھی گرمی واقع ہوگئی ۔ رات دیر ٹریفک پر بھی اس کا اثر پڑا ۔ سڑک کے چوراہوں پر عوام کو آگ تاپتے ہوئے دیکھا گیا۔ ڈاکٹروں نے بچوں اور معمر افراد کو گرم رہنے کا مشورہ دیا ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دس گھنٹوں تک سردی کی شدت برقرار ہنے کی پیش قیاسی کی ۔ اس ذرائع نے بتایا کہ شمالی ہند سے چلنے والی ہوائیں برائے ودربھا، تلنگانہ اور آندھرا پہنچ رہی ہے۔

Cold Wave Conditions Grip Telangana, Andhra Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں