سی بی آئی نے کابینی فیصلوں کی فائلیں ضبط کی ہیں: کجریوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-17

سی بی آئی نے کابینی فیصلوں کی فائلیں ضبط کی ہیں: کجریوال

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت دہلی نے آج الزام عائد کیا کہ سی بی آٗی ایک روزہ طویل دھاوے کے دوران کابینی فیصلوں سے متعلق فائلیں ضبط کی ہیں اور چیف منسٹر اروند کجریوال نے دعویٰ کیاکہ ڈی ڈی سی اے سے متعلق فائل کی جانچ پڑتال کی گئی تاہم ایجنسی اور مرکز نے اس کی تردید کی۔ غیر معمولی مخاصمت میں شدت پیدا کرتے ہوئے کجریوال اور ان کے نائب منیش سسوڈیا نے سی بی آئی پر تازہ الزامات عائد کیے اورکہا کہ اس نے پرنسپال سکریٹری راجندر کمار کے بارے میں ایجنسی کی تحقیقات سے غیر متعلق دستاویزات ضبط کیے ہیں۔ چیف منسٹر نے وزیر فینانس ارون جیٹلی پر بھی تازہ حملہ کیا اور کہا کہ انہوں نے یہ کہتے ہوئے پارلیمنٹ کو گمراہ کیا ہے کہ سی بی آئی نے چیف منسٹر کے دفتر پر دھاوا نہیں کیا۔ کجریوال نے سلسلہ وار ٹوئٹر پیامات میں کہا کہ سی بی آئی نے میرے دفتر میں ڈی ڈی سی اے کی فائل کا مطالعہ کیا۔ وہ شاید اسے ضبط کرلیتے، لیکن میڈیا سے میری بات چیت کے بعد انہوں نے اسے چھوڑ دیا ۔ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا وہ کوئی نقل اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ میرے دفتر سے دستاویزات ضبط کئے گئے جن کا ان الزامات سے کوئی تعلق نہیں تھا جن کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔ آئٹم نمبر7فائلوں کی منتقلی کا گزشتہ ماہ کا رجسٹر ضبط کیا گیاہے۔ منیش سسوڈیا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آخر سی بی آئی نے مبینہ طور پر فائلوں کی منتقلی کا نومبر ۔ دسمبر کا رجسٹر کیوں ضبط کیا۔ اس نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی تین فائلیں کیوں ضبط کی ہین ۔ ان کا آپس میں کیا تعلق ہے ۔ سی بی آئی نے ڈی ڈی سی اے کی فائلوں کی بھی جانچ پڑتال کی ۔ وہ انہیں ضبط کرنا چاہتے تھے لیکن چیف منسٹر کی جانب سے یہ مسئلہ اٹھائے جانے کے بعد انہوں نے اسے ضبط نہیں کیا۔ کجریوال نے اپنے ٹوئٹر پیامات میں یہ بھی کہا کہ ارون جیٹلی ڈی ڈی سی اے کی کارکردگی کے بارے میں حکومت دہلی کی تحقیقات سے پریشان تھے ۔ دوسری طرف جیٹلی نے کل ان الزامات کو بکواس کہتے ہوئے مستر د کردیا۔ کجریوال نے ان دستاویزات کی ایک فہرست بھی اپ لوڈ کی جو مبینہ طور پر سی بی آئی نے دہلی سکریٹریٹ سے ضبط کیں ۔ آئی اے این ایس کے بموجب ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا نے وزیر فینانس ارون جیٹلی کے پارلیمنٹ میں دئیے گئے اس بیا ن کو چیلنج کرتے ہوئے کہ سی بی آئی نے کجریوال کے دفتر کی تلاشی نہیں لی، کہا کہ یہ سچ نہیں ہے ۔ سسوڈیا نے کہا کہ چیف منسٹر کے دفتر کے فائل موومنٹ رجسٹر کو ضبط کیا گیا ہے ۔ اگر یہ دھاوا چیف منسٹر کی موجودہ میعاد کے بارے میں نہیں تھا تو پھر یہ رجسٹر کیوں ضبط کیا گیا؟یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ سی بی آئی کی جانب سے کئی گئی ضبطیاں یہ ثابت کرتی ہیں کہ کل چیف منسٹر اروند کجریوال کے دفتر پر بھی دھاوا کیاگیا تھا ، عام آدمی پارٹی نے آج اس مسئلہ پر پارلیمنٹ کو گمراہ کرنے پر مرکزی وزیر ارون جیٹلی اور حکومت کے خلاف تحریک التوا کا مطالبہ کیا۔ عام آدمی پارٹی لیڈر اشوتوش نے الزام عائد کیا کہ جیٹلی نے ایوان میں دروغ گوئی سے کام لیا ہے اور اس کی وجہ سے ان کے اور حکومت کے خلاف تحریک مراعات پیش کرنے کی ضرورت ہے ۔ سی بی آئی کا ضبطی میمو عوام کے سامنے ہے ۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ چیف منسٹر کے دفترپر دھاوا کیا گیا تھا اور چیف منسٹر کی فائلوں کی تلاشی لی گئی تھی۔


CBI seized files on cabinet decisions: Kejriwal; agency denies

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں