داعش کے خلاف مہم تیز کرنے ترکی اور امریکہ کا اتفاق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-19

داعش کے خلاف مہم تیز کرنے ترکی اور امریکہ کا اتفاق

انقرہ
رائٹر
ترکی اور امریکہ نے آئی ایس کے زیر قبضہ شام اور ترکی کے سرحدی علاقوں میں عسکری تنظیم کے خلاف جاری آپریشن میں شدت پیدا کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ آج ترک میڈیا نے ترکی کے وزیر خارجہ فریدون سینیرلی اوگلو کے حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ داعش کو سرحدی علاقوں میں مزید موجود رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور امریکہ کے ساتھ مل کر سرحدی علاقوں میں فضائی آپریشن جاری رہے گا۔ ترک وزیر خارجہ کے مطابق اس علاقے سے داعش کے خاتمے کے لئے بڑی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں داعش کے خلاف ترکی اور امریک کے مشترکہ آپریشن میں شدت دیکھی جائے گی ۔ اس دوران روس اور فرانس نے شام میں خود کو داعش کہنے والی شدت پسند تنظیم کے خلاف فضائی حملوں میں اضافہ کردیاہے ۔ منگل کو روس نے سمندر سے اور طویل فاصلے تک پرواز کرنے والے بمبار طیاروں سے داعش کے ٹھکانوں کو کروز میزائل سے نشانہ بنایا۔ دوسری جانب فرانس نے بھی شام میں داعش کے خلاف جنگی جہازوں سے حملوں میں اضافہ کردیا ہے ۔ روس کی جانب سے داعش کے خلاف جاری فضائی کارروائیوں میں شدت اس وقت آئی ہے جب ملک سیکوریٹی چیف نے تصدیق کی ہے کہ مصر کے علاقے سینا میں تباہ ہونے والے روسی مسافر طیارے کو دہشت گردی کا نشانہ بنایاگیا تھا ۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ48دنوں میں اس کی ایئر فورس نے شام میں23سو فضائی کارروائیاں کی ہیں ۔ اس کے علاوہ پیروس میں جمعے کو ہونے والے حملوں کے بعد روسی صدر ولادیمیرپوتن نے بحری فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ بحیر روم میں موجود فرانسیسی بحری جہازوں سے اتحادی کی طرح تعاون کریں ۔ روس کے صد ر ولادیمیر پوتن نے پیر کی رات سیکوریٹی اجلاس میں کہا ہے کہ ان کے ملک کی شام میں جاری کارروائیوں میں شدت لائی جانی چاہئے ۔ شام میں ہماری فضائی کارروائیاں نہ صرف جاری رہنی چاہئیں بلکہ ان کو زیادہ تیز کیاجانا چاہئے تاکہ مجرموں کو اندازہ ہو کہ انتقام ناگزیر ہوچکا ہے ۔ منگل کو روس نے دوسری بار سمندر سے شام میں کروز میزائل داغے ۔ روس کی وزارت دفاع کے مطابق بحیرہ روم میں موجود آبدوز سے یہ میزائل داعش کے مضبوط گڑھ رقہ میں تنظیم کے تربیتی مراکز اور شہر کے قریب اسلحہ کے ڈپو پر داغے گئے ۔ اس کے علاوہ روس نے طویل فاصلے تک پرواز کرنے والے بمبار طیاروں کو بھی شام میں استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔ ان طیاروں سے کروز میزائل فائر کئے گئے ۔ پیر کو فرانسیسی صدر فرانسواولاندے نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیرس پر حملوں کے بعد فرانس داعش کو تباہ کرنے کے لئے پر عزم ہے اور اس کے خلاف جاری فرانس کی فوجی کارروائیوں میں بھی مزید شدت لائی جائے گی۔

Turkey, US Aim To Broaden Campaign Against ISIS

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں