مختصر مدت میں حکومت تلنگانہ کے مثالی اقدامات - نائب وزیراعلیٰ محمود علی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-15

مختصر مدت میں حکومت تلنگانہ کے مثالی اقدامات - نائب وزیراعلیٰ محمود علی

نئی دہلی
ایس این بی
نائب وزیر اعلیٰ تلنگانہ محمد محمود علی نے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ میں وزیر اعلیٰ کے سی آر کی زیر قیادت حکومت نے مختصر مدت میں مثالی اقدامات انجام دئیے ہیں ، جس کی ملک کی دیگر ریاستوں میں نظیر نہیں ملتی ۔ نائب وزیر اعلیٰ آج نئی دہلی کے پرگتی میدان میں انڈیا انٹر نیشنل ٹریڈ فیئر میں ریاست تلنگانہ کے پویلین کا افتتاح انجام دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے انڈیا انٹر نیشنل ٹریڈ فیئر کے اہتمام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ٹریڈ فیئرس کے ذریعہ ایک ملک کو دوسرے ملک اور ایک ریاست کو دوسری ریاستوں میں ہونے والے اختراعی اقدامات سے واقف ہونے کا موقع حاصل ہوتا ہے ۔ واضح رہے کہ اس ٹریڈ فیئر میں دنیا کے کئی ممالک حصہ لے رہے ہیں ۔ محمد محمود علی نے بتایا کہ مذکورہ ٹریڈ فیئر میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کے عوام کے لئے شروع کئے گئے فلاحی اقدامات ، اسکیمات اور ترقیاتی اقدامات کو اجاگر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ریاست تلنگانہ ترقی کی منازل طے کررہی ہے اور آج کی اس نمائش میں وزیر اعلیٰ کے اختیار کردہ اختراعی اقدامات کو پیش کیا گیا ہے اور انہیں اس بات کی امید ہے کہ دیگر ممالک اور ان کی ریاستوں کو حکومت تلنگانہ کی منفرد اور مثالی اسکیمات پسند آئیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں تلنگانہ حکومت کی اختیار کردہ ترقیاتی حکمت عملی کی ستائش کی جارہی ہے ۔ خاص طور پر پینے کے پانی کی گھر گھر سربراہی کے لئے واٹر گریڈ اسکیم اور تالابوں کے احیاء کے لئے کاکتیہ اسکیم پر ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے بھی خاطر خواہ رد عمل حاصل ہورہا ہے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کے تہذیبی تہواروں اور سیاحتی مراکز سے متعلق تفصیلات بھی اس پویلین کے ذریعہ ٹریڈ فیئر کا مشاہدہ کرنے والوں کے لئے دلچسپی کا باعث ہوگی جو اس نمائش میں شامل کی گئی ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ محمد محمود علی نے کہا کہ نئی دہلی جو ہندوستان کا دارالحکومت ہے، یہاں انٹر نیشنل ٹریڈ فیئر کا اہتمام یقینا ریاست تلنگانہ کی معیشت کو فروغ دینے میں بھی معاون ثابت ہوگا اور مختلف ممالک بشمول ہندوستان کی ریاستوں سے حکومت تلنگانہ کے اقدامات کی نہ صرف ستائش کی جائے گی بلکہ ان سے تحریک حاصل کرتے ہوئے حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔

Telangana development measures in a short term, Dy. CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں