بہار انتخابات میں شکست کے ذمہ داروں کو سبق سکھانا چاہیے - شترگھن سنہا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-10

بہار انتخابات میں شکست کے ذمہ داروں کو سبق سکھانا چاہیے - شترگھن سنہا

پٹنہ
پی ٹی آئی
ناراض بی جے پی رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے آج چیف منسٹر بہار نتیش کمار سے ملاقات کی تاکہ انہیں ان کی متاثر کن کامیابی پر مبارکباد دیں ۔ سنہا نے مطالبہ کیا کہ پارٹی کی شرمناک شکست کے ذمہ دار افراد کو سبق سکھانا چاہئے ۔ یہ ریمارکس بی جے پی قیادت کو گراں گزریں گے ۔ اداکار سے سیاستداں بنے شتروگھن سنہا نے نتیش کمار کو آزمودہ اور کامیاب چیف منسٹر قرار دیا جو سابق چیف منسٹر مغربی بنگال جیوتی باسو کے بعد اپوزیشن کی صف میں بیٹھے دوستوں میں انتہائی لائق احترام ہیں، سنہا بی جے پی قیادت بالخصوص ریاستی یونٹ کے قائدین پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں کیونکہ انہیں ریاستی اسمبلی الیکشن کی مہم سے دور رکھا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پتہ نہیں کہ ان کے خلاف کوئی کارروائی زیر غور ہے لیکن انہوں نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا کہ وہ پارٹی کے شترو(دشمن) ہیں۔ بی جے پی کی شکست کے ذمہ داروں کو سبق سکھانا چاہئے۔ انہوں نے نتیش کمار کی قیام گاہ پر صحافیوں سے کہا کہ سابق معتمد داخلہ آر کے سنگھ جو ہماری پارٹی کے قائد ہیں ، کہہ چکے ہیں کہ ذمہ داری طئے ہونی چاہئے ۔ حلقہ پٹنہ صاحب کے رکن پارلیمنٹ سنہا نے کہا کہ نتیش کمار سے ان کی ملاقات کو غلط نہ سمجھاجائے گا۔ وزیرا عظم نریندر مودی، میرے دوست اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور دیگر قائدین نتیش کمار کو مبارکباد دے چکے ہیں ۔ اسے صحت مندسیاست کی صحت مند اسپرٹ کے طور پر دیکھنا چاہئے۔ نتیش کمار کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں عوام کی بھرپور تائیداور پیار ملا۔ نظم و ضبط، ترقی اور اچھی حکمرانی کے معاملہ میں نتیش بابو نے بڑا کام کیا ہے۔ ان کے خلاف کوئی لہر نہیں تھی۔ ان کا ٹریک ریکارڈ بہت اچھا ہے ۔ میں جیوتی بابو کی بڑی عزت کرتا تھا ۔ ان کے بعد اپوزیشن میں ہمارے دوستوں میں نتیش بابو نہایت لائق احترام اور اچھے انسان ہیں ۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا الیکشن کے دوران تنقیدی تبصروں پر پارٹی ان کے خلاف کارروائی پر غور کرررہی ہے، شترو گھن سنہا نے کہا کہ مجھے پتہ نہیں ۔ میں نہیں سمجھتا کہ میں نے ایسا کچھ کیا ہے جس کے لئے انہیں میرے خلاف کارروائی کرنی پڑے ۔ اس کے باوجود اگر کوئی کارروائی کرنا چاہتا ہے تو میں اسے روک نہیں سکتا۔ ایک رپورٹر نے جب یہ کہا کہ بعض لوگ انہیں بی جے پی کا شترو(دشمن) مانتے ہیں تو سنہا نے جواب دیا کہ یہ صحیح نہیں ہے ۔ اگر بی جے پی مجھے دشمن مانتی تو میں اتنے طویل عرصہ تک پارٹی میں کیسے ہوتا ۔ میں اس وقت سے پارٹی سے وابستہ ہوں جب کہ پارلیمنٹ میں اس کے صرف2ارکان ہوا کرتے تھے ۔ میں کہہ چکا ہوں کہ یہ میری پہلی اور آخری جماعت ہے ۔ میں نہیں سمجھتا کہ بی جے پی مجھے اپنا دشمن مانتی ہے ۔
دریں اناء نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب قیادت کو کسی بھی تنقید سے بچاتے ہوئے بی جے پی نے بہار اسمبلی انتخابات میں شکست کے لئے کسی کو بھی ذمہد ار تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے کوٹہ ریمارکس پر ہونے والی تنقیدوں کو بھی مسترد کردیا ۔ بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا ایک اجلاس آج پارٹی ہیڈ کوارٹر پر منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور پارٹی صدر امیت شاہ کے بشمول تمام اہم قائدین موجود تھے ۔ اجلاس میں بہار میں پارٹی کی کارکردگی کا تجزیہ کیا گیا ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے بعد میں اجلاس کی روداد سے میڈیا کو واقف کراتے ہوئے کہا کہ جہاں تک جواب دہی کا تعلق ہے ، پارٹی اجتماعی طور پر جیتتی اور اجتماعی طور پر ہارتی ہے۔یہ پوچھنے پر کہ دہلی کے بعد دوسری شکست کا شاہ کی قیادت پر کیا اثر پڑے گا ، جن کی میعاد جنوری میں ختم ہورہی ہے تو جیٹلی نے شاہ کی بھرپور مدافعت کی ۔ انہوں نے کہا کہ جیت اور ہار کھیل کا قصہ ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد بی جے پی نے4اسمبلی انتخابات جیتے اور شاہ کی قیادت میں ہی کئی ریاستوں میں بلدی انتخابات میں کامیابیاں حاصل کی۔ جیٹلی نے اوبی سی کے لئے تحفظات پر نظر ثانی کرنے بھاگوت کے متنازعہ بیان سے انتخابات میں پارٹی کو دھکہ پہونچنے کا الزام مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسے نہیں مانتے۔ ایک تبصرہ پورے انتخابات کا فیصلہ نہیں کرسکتا۔ پارٹی نے ہمیشہ واضح کیا ہے کہ وہ تحفظات کی حامی ہے لیکن وہ سماجی پسماندگی کی بنیاد پر تحفظات کا نظریہ رکھتی ہے۔ جیٹلی نے کہا کہ میں سمجھتاہوں کہ آر ایس ایس کا بھی یہی موقف ہے ، اس بارے میں کوئی الجھن نہیں ہونی چاہئے ۔ عظیم اتحاد کی کامیابی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ تجزیہ غلط ثابت ہوا کہ اتحادی جماعتیں ایک دوسرے کے ووٹ سے فائدہ نہیں اٹھا پائیں گی۔

Shatrughan Sinha meets Nitish, Lalu, says those behind BJP's defeat must get lessons

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں