پیرس حملہ - صدر جمہوریہ نائب صدر اور دیگر قائدین کا اظہار مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-15

پیرس حملہ - صدر جمہوریہ نائب صدر اور دیگر قائدین کا اظہار مذمت

نئی دہلی
یو این آئی
صدر پرنب مکرجی ، نائب صدر حامد انصاری سمیت متعدد ہندستانی رہنماؤں نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی ہے اور مصیبت کی اس گھڑی میں فرانس کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ صدر پرنب مکرجی نے پیرس میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں پر ٹوئٹ کرکے کہا کہ میں پیرس میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتا ہوں۔ بحران کی اس گھڑی میں ہندوستان فرانس کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے ۔ میں فرانسیسی عوام کے تئیں دلی ہمدری کا اظہار کرتا ہوں ۔ نائب صدر حامد انصاری نے پیرس حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ پیرس کے خلاف نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف ہے۔ ہم فرانس کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔میں اس حملے میں ہلاک ہونے والوں کے رشتہ داروں کے تئیں دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں پر آج افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پیرس میں دہشت گردانہ حملوں کی خبر سن کر مجھے بہت تکلیف ہوئی ہے ۔ ان حملوں کی لفظوں میں مذمت نہیں کی جاسکتی جس میں بے گناہ افراد مارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہندوستانی فرانس کے لوگوں کے ساتھ پوری مضبوطی سے کھڑے ہیں ۔میں حملے میں مارے گئے لوگوں کے رشتہ داروں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی نے بھی فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کی آج سخت مذمت کرتے ہوئے مصیبت کی اس گھڑی میں فرانس کے عوام کے ساتھ یگانگت کا اظہار کیا ہے ۔ بی جے پی نے آج کہا کہ تمام امن پسند ممالک دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس کو ختم کرنے ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملالیں ، بی جے پی کے شعبہ میڈیا کے انچارج شریکانت شرما نے یہ حملہ نہ صرف پیرس پر ہی کیا گیا ہے بلکہ ساری انسانیت پر یہ حملہ ہوا ہے ۔دریں اثناء نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب ملک کی سیکوریٹی ایجنسیوں نے پیرس میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے پیش نظر پولیس دستوں سے پورے ملک میں بالخصوص ممبئی، دہلی ، چنئی اور بنگلور جیسے بڑے شہروں میں چوکسی برتنے اور سیکوریٹی بندوبست مزید سخت کرنے کو کہا ہے ۔ پیرس میں ہونے والا دہشت گردانہ حملہ ممبئی میں26نومبر2008ء کو ہونے والے حملے سے بہت کچھ ملتا جلتا ہے ، جس وجہ سے سیکوریٹی ایجنسیوں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس کو سیکوریٹی بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ سلامتی ایجنسیوں کی طرف سے سرحدی علاقوں میں سیکوریٹی بڑھادی گئی ہے اور سٹی پولیس کی تمام یونٹوں کو بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر تلاشی و چوکسی پر سخت نظر رکھنے کو کہا گیا ہے ۔واضح رہے کہ فرانس کی راجدھانی پیرس کے متعدد مقامات پر ہونے والے سلسلہ وار دہشت گردانہ حملوں میں تقریبا150لوگوں کی موت واقع ہوگئی ہے ۔ دہلی پولیس کے مطابق خصوصی احتیاطی اقدامات کے تحت دہلی کی سرحدوں پر خاص طور پر نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔اس کے علاوہ شہر میں تعینات تمام پولیس اہلکاروں سے گنجان آبادی والے مقامات پر حفاظتی اقداما ت کا جائزہ لینے کے لئے کہا گیا ہے۔ ریلوے اسٹیشنوں ، ہوائی اڈوں، اور کاروباری تنصیبات پر سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ فرانس میں ہندوستانی سفارتخانہ کے نائب سربراہ منیش پربھات کے مطابق پیرس میں ہونے والے دہشت گردانہ حمللے میں ابھی تک کسی ہندوستانی شہری کے مارے جانے کی خبر نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے سفارت خانہ کی طرف سے مدد طلب کی تھی ، ایسے لوگوں کو ہر ممکن مدد دی جارہی ہے ۔

Prez, VP, PM condemn terror attacks in Paris

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں