ہم یاسر عرفات کے قاتل کے قریب پہنچ گئے ہیں - تحقیقاتی کمیشن کا دعوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-12

ہم یاسر عرفات کے قاتل کے قریب پہنچ گئے ہیں - تحقیقاتی کمیشن کا دعوی

رملہ
یو این آئی
فلسطینی اتھاریٹی کی جانب سے یاسر عرفات کی موت کے اسباب کا پتہ چلانے کے لئے قائم کردہ کمیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں عرفات کی موت سے متعلق اہم شواہد ملے ہیں اور وہ مبینہ طور پر فلسطینی لیڈر کے قاتل کے قریب پہنچ گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق فلسطینی تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ میجر جنرل توفیق الطیراوی نے رملہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی سال کی تحقیقات کے بعد وہ یاسر عرفات کے قاتل کے قریب پہنچ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مزید مختصر تحقیقات کے بعد ہم یاسر عرفات کے قاتل تک پہنچ جائیں گے۔ اور جلد ہی قوم کو آگاہ کیاجائے گا کہ عرفات کو کیسے اور کس نے قتل کیا۔ تاہم انہوں نے تحقیقات میں سامنے آنے والے مشتبہ قاتل کے بارے میں کسی قسم کی وضاحت نہیں کی ۔ فلسطینی تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ نے یہ انکشاف ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب یاسر عرفات کی11ویں برسی منائی جارہی ہے ۔ یاسر عرفات کی موت کے اسباب سے متعلق اب تک کئی دوسرے ملکوں کے ماہرین بھی چھا ن بین کی۔ ان میں فرانسیسی طبی ماہرین خاص طور پر شامل ہیں مگر چند ماہ قبل فرانسیسی عدالت نے یہ کہہ کر مزید تحقیقات روک دی تھیں کہ انہیں یاسر عرفات کو زہر دے کر ہلاک کرنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔تاہم یاسر عرفات کی بیوہ سوہا عرفات نے فرانسیسی عدالت کے فیصلہ پر نظر ثانی کی درخواست دی تھی اور کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کے شوہر کو زہر دیا گیا تھا ۔ سوہا عرفات نے اپنے شوہر یاسر عرفات کو پلو ٹینم210نامی خطرناک زہر دے کر قتل کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم اس حوالہ سے ماہرین مختلف آراء ظاہر کرتے آئے ہیں ۔ دریں اثناء فلسطین کی تنظیم حماس نے مرحوم صدر یاسر عرفات کا غزہ میں واقع مکان 8سال بعد فلسطین لبریشن آرگنائزیشن( پی ایل او) کے حوالہ کردیا ہے ۔ خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے بتایا کہ حماس کے لیڈر غازی احمد نے فتح سنٹرل کمیٹی اور پی ایل او کی اکزیکٹیو کمیٹی کے رکن زکریا ال آغاز کی قیادت میں یاسر عرفات فاؤنڈیشن کے وفد کو کل یہ مکان حوالہ کیا۔ اس موقع پر فلسطینی پارٹیوں کے کئی نمائندے موجود تھے اور بڑی تعداد میں پولیس جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا ۔ اس مکان میں مرحوم لیڈر کی تصاویر ، فوج کی وردی، ان کے نجی ہتھیار، فرنیچر اور ان سے متعلق دیگر چیزیں رکھی ہیں ۔ آغاز نے اس دوران کہا کہ صدر عرفات نے اپنی زندگی فلسطین کے مفاد کی خاطر وقف کردیا۔ وہ ہمیشہ قومی اتحاد و اتفاق کی باتیں کرتے تھے ۔ انہوںنے فلسطین کو دارالحکومت یروشلم کے ساتھ آزاد ملک قرار دینے کی عرفات کی لڑائی کو آگے بڑھانے کا عہد کیا۔

Palestinian team 'identifies Arafat assassin'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں