ہندوستان سے تمام مسائل پر بات چیت کے لیے پاکستان آمادہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-05

ہندوستان سے تمام مسائل پر بات چیت کے لیے پاکستان آمادہ

اسلام آباد
یو این آئی
بہتر تعلقات کے لئے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے پاکستان نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پر بات چیت کے لئے تیار ہے ۔ کراچی کونسل آف فارن ریلیشنس( کے سی ایف آر) کے زیر اہتما م کل ایک سیمنار میں وزیرا عظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے سیول سوسائٹی کے ارکان سے مطالبہ کیا کہ وہ بات چیت کے لئے دونوں ممالک کی قیادت پر زوردیتے رہیں۔ فاطمی نے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ نواز شریف ، نئی دہلی کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں ۔ سابق وزیر خارجہ خورشید قصوری نے کہا کہ انہوں نے امید نہیں ہاری ہے کہ دونوں طرف کے لوگ سوجھ بوجھ رکھتے ہیں اور معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے، یہ امید ظاہر کرتے ہوئے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سخت سیاسی مسائل بھی حل ہوسکتے ہیں ۔ سابق ہندوستانی سفارت کار منی شنکر ایئر نے جامع بات چیت کو بلا روک ٹوک جاری رکھنے اور واگھا سرحد پر بات چیت کی تجاویز پیش کیں ۔ سینیٹ میں قائد اپوزیشن سینیٹر اعتزاز احسن، ہندوستانی ہائی کمشنر متعینہ پاکستان ٹی سی اے راگھون اور سابق گورنر سندھ محی الدین حیدر بھی سمینار میں موجود تھے ۔
دریں اثنا اقوام متحدہ سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب اقوام متحدہ میں پاکستان کے مسئلہ کشمیر اٹھانے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہندوستان نے زور دے کر کہا ہے کہ جمو ں و کشمیر میں دہشت گرد گروپس کو اسلام آباد کی بلا روک ٹوک تائید ہندوستان کے لئے ریاست میں اپنے شہریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ میں بڑا چیلنج ہے ۔ فرسٹ سکریٹری ہندوستانی مشن برائے اقوام متحدہ میٹنگ جوشی نے کل کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گرد گروپس کو پا کستان کی مسلسل تائید ریاست میں ہمارے شہریوں کے حقوق انسانی کے تحفظ میں بڑا چیلنج ہے ۔ اس کے باوجود ہندوستان ، دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول میں پاکستان کے ساتھ تمام حل طلب مسائل کی یکسوئی کا پابند ہے ۔ وہ پاکستان کی نمائندہ ملیحہ لودھی کا جواب دے رہے تھے جنہوں نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مسئلہ اٹھایا تھا۔

Pakistan ready to discuss all outstanding issues with India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں