سری نگر کا شیر اسٹیڈیم سیکوریٹی قلعہ میں تبدیل - وزیر اعظم کا کل ریالی سے خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-06

سری نگر کا شیر اسٹیڈیم سیکوریٹی قلعہ میں تبدیل - وزیر اعظم کا کل ریالی سے خطاب

سری نگر
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی کی ہفتہ کو یہاں ریالی کے پیش نظر غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سیکوریٹی فوریس کی نگرانی ہورہی ہے ۔ سری نگر کے مختلف مقامات پر چیک پوائنٹس بنائے گئے ہیں، جہاں گاڑیوں کو روک کر لوگوں کی تلاشی لی جارہی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وزیر اعظم کے دورہ کے پیش نظر عسکریت پسندوں کو ہتھیاروں یا دھماکو اشیاء کی منتقلی کو روکنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائے جارہے ہیں ۔ دیگر اضلاع سے شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی تلاشی کے بغیر اندر آنے نہیں دیاجارہا ہے اور ان گاڑیوں کے علاوہ ڈرائیوروں کا بھی ریکارڈ دیکھا جارہا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سیکوریٹی فورسیس نے سری نگر سے دیگر اضلع کو جوڑنے والی سڑک پر بھی چیک پوائنٹس قائم کئے ہیں جہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کے ریکارڈس رکھنے کے علاوہ ڈرائیوروں اور مسافرین کی تفصیلات اور ان کے فون نمبرس کا بھی ریکارڈ رکھا جارہا ہے ۔ غیر معمولی سیکوریٹی انتظامات کی وجہ سے شہر کے کئی مقامات پر ٹریفک جام ہورہا ہے ۔ وزیر اعظم کے ریالی کے مقام شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم کو ایک قلعہ میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ اسٹیڈیم کو ایس پی جی نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔ بڑی تعداد میں پولیس کے علاوہ نیم فوجی دستوں کے جوانوں کو اسٹیڈیم کے اطراف تعینات کردیا گیا ہے ۔ کئی جگہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردئیے گئے ہیں اور لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ سی سی ٹی وے کیمرے سیکوریٹی فوریس کی گاڑیوں پر بھی نصب کئے گئے ہیں اور یہ گاڑیاں اسٹیڈیم کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں گشت کررہی ہیں ۔ عہدیداروں کے بموجب اینٹی سبو تاج چیکنگ نواحی علاقو ں میں کی جارہی ہے تاکہ وزیر اعظم کے لئے نقائص سے پاک سیکوریٹی کو یقینی بنایاجائے ۔ مودی7نومبر کو یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے اس کے علاوہ وہ450میگاواٹ کے بگلیہار مرحلہ IIپاور پراجکٹ کا رامبن ضلع میں افتتاح بھی کریں گے ۔ علحدگی پسند گروپس نے وزیر اعظم کی ریالی کے متوازی ریالی نکالنے کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے تمام علیحدگی پسند قائدین کو نظر بند کردیا گیا ہے ۔ علحدگی پسند وں نے ٹورسٹ ریسپشن سنٹر گراؤنڈ پر ریالی منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جہاں سے شیر کشمیر اسٹیڈیم بہت قریب ہے ۔ سید علی شاہ گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق کے بشمول تمام قائدین نظر بند ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں