وزیراعظم مودی کے ہاتھوں سونے کو رقم میں بدلنے تین نئی اسکیمات کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-06

وزیراعظم مودی کے ہاتھوں سونے کو رقم میں بدلنے تین نئی اسکیمات کا آغاز

نئی دہلی
آئی اے این ایس
اب گھر میں پڑے سونے کو بینک میں رکھ کر آپ کمائی بھی کرپائیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ایک شاندار تقریب میں تین گولڈ اسکیمات کا آغاز کیا جس میں2.5فیصد سود ملے گا۔ یہ اسکیمیں ہیں گولڈ مونیٹائزیشن اسکیم، گولڈ بانڈ اور گولڈلون اسکیم ۔ ان اسکیموں سے عوام کے ساتھ ساتھ جوہریوں کو بھی فائدہ ہوگا ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کا اپنا سونے کا سکہ بھی لانچ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیمیں لوگوں کے لئے سونے پر سہاگہ ثابت ہوں گی ۔ اسکیم لانچ کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک میں بیس ہزار ٹن سونا پڑا ہوا ہے ۔ سونے کا اصل فائدہ لوگوں کو پہنچانے کے لئے ان اسکیمات کو لانچ کیا گیا ہے ۔ گولڈ مونیٹائزیشن اسکیم کے تحت سونا یا سونے کی زیورات جمع کرانے پر2.25تا2.5فیصد سودادا کیا جائے گا۔ عام طور پر بینک کے لاکر میں زیورات رکھنے پر چارج ادا کرنا پڑتا تھا لیکن اس اسکیم کے تحت بینکوں میں سونا جمع کرنے پر سود مل جائے گا۔ تاہم اس کے تحت کم از کم7-5سال کے لئے سونا جمع کرنا ہوگا ۔ اس اسکیم کے تحت کم از کم تیس گرام سونا جمع کیاجائے گا۔ دوسری اسکیم گولڈ بانڈ، جس میں سرمایہ کاری کی رقم پر2.75فیصد سود ملے گا۔ اس میں بیس نومبر تک درخواست دی جاسکے گی۔26نومبر کو گولڈ بانڈ جاری کئے جائیں گے اور اس میں 8سال بعد بانڈ کی مدت ختم ہوگی۔ تیسری اسکیم کے تحت حکومت اشوک چکر والے سونے کے سکے جاری کرے گی۔ یہ5اور10گرام کے ہوں گے۔ حکومت ان کے خالص ہونے کی ضمانت دے گی ۔ ساتھ ہی حکومت20گرام کے گولڈ بار بھی لانچ کرے گی ۔ یہ دونوں ہی سکے اور بار ایم ایم ٹی سی کے کاؤنٹر سے خریدے جاسکیں گے ۔ ان اسکیمات کا مقصد تقریبا20ہزار ٹن بیکار پڑے ہوئے سونے کو کارآمد مقاصد کے لئے استعمال میں لانے اور سالانہ35تا45بلین ڈالر کی درآمدات کو کم کرنا ہے جن میں اشوک چکر اور مہاتما گاندھی کی تصاویر کے ساتھ اندرون ملک تیار کردہ سونے کے سکے بھی شامل ہیں ۔ مودی نے اپنی سرکاری قیامگاہ 7ریس کورس روڈ پر ان اسکیمات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ سونا ہندوستانی عوام کی روز مرہ زندگی میں عورتوں کی با اختیاری کی روایت بن چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان میں تیار کردہ سکوں کی وجہ سے اب عوام کو بیرونی ذرائع پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ گولڈ اسکیم سے خواتین کے سونے کی دیکھ بھال ہوسکتی ہے جو چھٹی پر جاتے ہوئے اپنے سونے کومحفوظ رکھنے کے بارے میں فکر مند رہتی ہیں ۔ ہندوستانی خاندانوں میں سونا قبضہ میں رکھنے کی روایت پائی جاتی ہے ۔ اس اسکیم سے اس روایت کا تحفظ کیاجاسکے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ سنار جو عوام کے ساتھ گہرا تعلق رکھتے ہیں، ان اسکیمات کے سب سے بڑے ایجنٹ بن سکتے ہیں ۔ ہندوستان کو غریب ملک قرار دینے کی کوئی وجہ نہیں کیوں کہ اس کے پاس20ہزار ٹن سونا ہے۔ ملک میں دستیاب سونے کو کار آمد مقاصد کے لئے استعمال کیاجانا چاہئے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے یہ اسکیمات ہمارے لئے مشعل راہ ثابت ہوں گی ۔ مذکورہ ڈپازٹ اسکیم کے تحت مقررہ مراکز اور ٹیسٹنگ سنٹرس پر سونا قبول کیاجائے گا۔ بعد ازاں بینک ایک تا تین سال(مختصر مدتی) پانچ تا سات سال وسط مدتی ، اور 12تا15سال طویل مدتی اسکیمات سر ٹفکیٹ جاری کرین گے جو سونے کے995فیصد خالص ہونے کے مساوی رہیں گے ۔

Prime Minister Narendra Modi launches three gold-related schemes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں