تلنگانہ میں عنقریب ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات - وزیر آبپاشی ہریش راؤ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-16

تلنگانہ میں عنقریب ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات - وزیر آبپاشی ہریش راؤ

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
ریاستی وزیر آبپاشی و امور مقننہ ٹی ہریش راؤ نے آج کہا کہ اندرون چار ماہ ریاست میں ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ سدی پیٹ میں محکمہ پولیس میں تقررات کے لئے منعقد شدنی اہلیتی امتحان کی کوچنگ سینٹر کے افتتاح کے بعد انہوں نے کہا چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ ریاست کو خوشحال اور بنگارو تلنگانہ بنانے کے عہد پر کاربند ہیں۔ ان کا ہر فیصلہ عوام کی ترقی کو یقینی بنانے میں مدد گار رہے گا۔ راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کے مختلف محکموں میں ایک لاکھ سے زائد جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔تقررات کا اعلامیہ بہت جلد جاری کیاجائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکممہ پولیس میں تقرررات کے دوران خواتین کو33فیصد تحفظات فراہم کیے جائیں گے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ٹی آر ایس نے برسر اقتدار آنے کے بعد بیروزگار نوجوانوں کو ایک لاکھ جائیدادوں پر بھرتی کا تیقن دیا تھا لیکن گزشتہ18ماہ کے دوران اپنے اس وعدے کو نظر انداز کردیا گیا۔ جس کی وجہ سے نوجوان بالخصوص عثمانیہ یونیورسٹی کے طلباء ٹی آر ایس حکومت کے خلاف ہوگئے ۔ یہاں تک کہ طلباء ٹی آر ایس قائدین اور وزراء کو عثمانیہ یونیورسٹی میں داخل ہونے نہیں دے رہے تھے ۔ طلباء جے اے سی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے مخالف ہوگئے اور ورنگل کے ضمنی انتخابات میں کانگریس امید وار کی تائید میں مہم چلانے کا فیصلہ کیا۔ طلباء و نوجوانوں کی اس مخالف ٹی آر ایس مہم سے ٹی آر ایس قائدین پریشان ہوگئے۔ چند دن قبل چیف منسٹر نے محکمہ ٹرانسکو ، جینکو اور محکمہ آبپاشی میں15000اسسٹنٹ انجینئرس کی بھرتی کا اعلان کیا ۔ اس کے بعد محکمہ پولیس میں بھی تقریباً3ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اب جب کہ ورنگل کے ضمنی اتنخابات میں رائے دہی کی تاریخ قریب آرہی ہے ۔ ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے ایک لاکھ جائیدادوں پر تقرررات کا اعلان کیا۔

Notification soon for one lakh jobs: Harish Rao

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں