نتیش کمار کی تقریب حلف برداری کی تمام تیاریاں مکمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-20

نتیش کمار کی تقریب حلف برداری کی تمام تیاریاں مکمل

پٹنہ
پی ٹی آئی
بہار کے نئے چیف منسٹر نتیش کمار کی کل یہاں اہم قائدین اور مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس کی موجودگی میں حلف برداری تقریب کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں ۔ پٹنہ کے ڈویژنل کمشنر آنند کشور نے جو انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں ، بتایا کہ کل دو بجے دن گاندھی میدان میں مقرر تقریب کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں ۔ کشور نے کہا کہ کئی اہم شخصیتوں کی آمد کے پیش نظر تقریب کے مقام پر زائد از دو ہزار سیکوریٹی عملہ کو تعینات کیاجائے گا ۔ انتہائی اہم شخصیتوں اور ایس پی جی سیکوریٹی رکھنے والوں کے لئے شامیانہ نما ڈائس تیار کیا گیا ہے ۔ اصل شہ نشین پر نتیش کمار اور ان کے نئے وزراء اور انتہائی اہم شخصیتوں براجمان رہیں گی ۔ متصل ڈائس پر تمام نو منتخبہ ارکان اسمبلی کو بٹھایا جائے گا ۔ تقریب میں شرکت کے لئے آنے والی خواتین کے لئے علحدہ گیلری ہوگی۔ پٹنہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس وکاس ویبھو نے آج ایر پورٹ تا گاندھی میدان انتہائی اہم شخصیتوں کو لانے کی سیکوریٹی مشق کی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے نتیش کمار کی دعوت قبول کرلی ہے۔لیکن پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے سبب تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔ انہوں نے وزیر پارلیمانی امور وینکیا نائیڈو کو اس تقریب میں مرکزی حکومت کی نمائندگی کرنے کی ذمہ داری تفویض کی ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر نے مہمانتوں کی ایک فہرست جاری کی ہے جن میں نائب صدر کانگریس راہول گاندھی ، سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیو ے گوڑرا، این سی پی صدر شرد یادو ، نیشنل کانفرنس کے صدر فارووق عبداللہ اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن ملک ارجن کھرگے شامل ہیں ۔ مہمانوں کی سرکاری فہرست میں9چیف منسٹرس بشمول چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی ، چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور چیف منسٹر یوپی اکھلیش یادو کے نام بھی شامل ہیں ، کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے 6چیف منسٹرہماچل پردیش، ویر بھدرا سنگھ، کرناٹک کے چیف سدارامیا ، چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی ، سکم کے چیف منسٹر پی کے چاملنگ ، منی پور کے چیف منسٹر ابوبی سنگھ اور ارونا چل پردیش کے چیف منسٹر نابم ٹکی شامل ہیں ۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد، سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری ، سی پی آئی کے ڈی راجہ اور ڈی ایم کے پارٹی کے سکریٹری تی ایم کے اسٹالن نے بھی اپنی شرکت کی توثیق کردی ہے ۔

40 CCTVs, 2,000 policemen for Nitish Kumar swearing-in today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں