نفرت کی دیواریں مسمار کرنے ہند و پاک سے مفتی سعید کی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-22

نفرت کی دیواریں مسمار کرنے ہند و پاک سے مفتی سعید کی اپیل

پونچھ
پی ٹی آئی
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مفاہمتی اور مصالحتی ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے آج دونوں ممالک سے اس بات کی اپیل کی کہ خطہ میں امن و امان اور ترقی کی راہیں پائیدار کرنے کے لئے اپنی منافرت کی دیواروں کو پوری طرح ڈھادیں ۔ انہوں نے پونچھ میں ایک عوامی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان سے میری یہ درد مندانہ اپیل ہے کہ وہ اپنی نفرت انگیزی پر مشتمل دیواریں منہدم کردیں اور میں دونوں ممالک سے اس بات کی اپیل کرتا رہوں گا کہ و ہ اپنے دوستانہ تعلقات کو بحال رکھیں تاکہ خطہ میں امن و امان کی فضا تا دیر قائم و دائم رہے ۔ نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان سابقہ خوشگوار اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ریاستی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان ایام میں خطہ میں کس قدر امن و امان اور خوشحال ماحول تھا ، انہوں نے اسی ماحول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے تعطل کو ختم کردیں ۔ ہند۔ پاک کی باہمی دوستی کے بعد ہی ہم اس قابل ہوں گے کہ امن و امان کے بیش بہا فوائد حاصل کریں تاکہ عوام ترقیات کی متنوع شکلوں سے مستفید ہوسکیں ۔ ریالی میں موجود ایک بھاری مجموعے سے خطاب کرتے ہوئے سعید نے یہ بات کہی ۔ نیز انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت آچکا ہے کہ دونوں ممالک کے بچھڑے اور منقسم افراد اپنی بین الاقوامی سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے باہم ملاقات کی رسم انجام دیں ۔ سرحدوں پر عوام کی دوبدو ملاقات کا موقع ہماری سیاحت ، تعلیم اور ثقافت کی سرحدوں کو بام عروج پر لے جائے گا۔2014ء کے اسمبلی انتخابات کے شکستہ نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی سربراہ نے کہا کہ وہ اس ورطہ فکر میں تھے کہ کس جانب اپنا جھکاؤ ظاہر کریں ۔ بعد ازاں انہں نے یہی بچھایا کہ عوام کے اتنے بڑے فیصلہ کے بعد ان کے پاس ایک تاریخی موقع ہے کہ وہ ریاست کے تینوں خطوں کی ترقی کا خیال کریں ۔ میں نے یہ اقدام کیا اور آپ اس کے نتائج دیکھیں گے ۔ اپنے دورہ پونچھ کے دوران وزیر اعلیٰ نے چکدانوا باغ پربین الاقوامی سرحدی تجارت اور سیاحتی پوائنٹ کا بھی دورہ کیا اور لوران میں لوران ۔ باسم گلی روڈ کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ نائب وزیر اعلیٰ نرمل کمار سنگھ ، سعید محمد الطاف بخاری ، نعیم اختر اور دیگر اراکین اسمبلی بھی موجود تھے ۔

Mufti urges Indo-Pak to demolish walls of hatred

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں