کشمیر میں فوجی کیمپ پر حملہ - تینوں حملہ آور اور ایک شہری ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-26

کشمیر میں فوجی کیمپ پر حملہ - تینوں حملہ آور اور ایک شہری ہلاک

سری نگر
یو این آئی
فوج کو بھاری نقصان پہنچانے کی غرض سے عسکریت پسندوں نے آج صبح شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے تنگدھار میں واقع فوجی کیمپ پر فدائین حملہ کردیا۔ تاہم فوج نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بغیر کسی بڑے نقصان کے تینوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔ اس جھڑپ میں ایک عام شہری ہلاک جب کہ فوج کا ایک جونیر کمیشنڈ آفیسر( جے او سی) زخمی ہوگیا ۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل این این جوشی نے بتایا کہ فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ہے ، اور اب فوج کی جانب سے مذکورہ علاقہ میں تلاشی مہم کی گئی ہے ۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والی جنگجو تنظیم جیش محمد نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ حملہ میں تنظیم سے وابستہ تین عسکریت پسند شامل ہیں ۔ گزشتہ سال کے دسمبر میں ایسا ہی حملہ شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں واقع فوجی کیمپ پر کیا گیا تھا ۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل جوشی نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے ایک گروپ نے آج صبح تنگدھار میں واقع فوجی کیمپ پر یوبی جی ایل چلائے اور خود کار ہتھیار وں سے اندھا دھند فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے فوج کا ایک جونیر کمشینڈ آفیسر زخمی ہوگیا ۔ کرنل جوشی نے بتایا کہ اس کے بعد قریبی فوجی کیمپوں سے فورسس کی اضافی فوج طلب کرکے عسکریت پسندوں کو چاروں طرف سے گھیرے میں لیا گیا جس کے بعد گولیوں کا تبادلہ ہوا جس میں تینوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے ۔ سیکوریٹی ذرائع نے بتایاکہ فدائین حملہ کرنے والے عسکریت پسندوں کو ختم کرنے کے لئے کمانڈوز کی ایک ٹیم کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ فوجی کیمپ میں اتارا گیا تھا ۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل جوشی نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کے اس حملہ میں ایک عام شہری ہلاک جب کہ فوج کا ایک جے او سی زخمی ہوگیا ہے ۔

Jammu & Kashmir: 3 militants, 1 civilian killed in Tangdhar gunbattle

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں