عدم رواداری سے متعلق وزیراعظم مودی کے بیان پر کانگریس کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-14

عدم رواداری سے متعلق وزیراعظم مودی کے بیان پر کانگریس کی تنقید

نئی دہلی
آئی اے این ایس
کانگریس نے آج وزیر اعظم نریند رمودی کو آمریت پسند قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ بیرونی ممالک میں بار بار یہ دعوے کرتے ہوئے کہ انہوں نے ملک کی ساکھ بحال کی ہے ، ہندوستان کو شرمسار کررہے ہیں۔ کانگریس قائد آنند شرما نے مودی کے دورہ برطانیہ کے دوسرے دن یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے اس دعوی کو یکسر مسترد کرتے ہیں کہ انہوں نے ہندوستان کی ساکھ بحال کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے دعویٰ سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پہلے ہندوستان کی کوئی ساکھ ہی نہیں تھی اور مئی 2014میں مودی کے بر سر اقتدار آنے سے پہلے دنیا ہندوستان کی عزت نہیں کرتی تھی ۔ اس چیز کو ان ممالک میں بار بار دہرانے سے جن کا وہ دورہ کرتے ہیں، وہ ملک کو شرمسار کررہے ہیں ۔ ہندوستانی قابل احترام تھا اس کی ساکھ تھی اور پہلے بھی سرکاری پالیسیوں کی وجہ سے وہ بیرونی راست سرمایہ کاری کے لئے پسندیدہ مقام تھا ۔ کانگریس قائد نے الزام عائد کیا کہ ہندوستان میں آج خوف کا ماحول پایاجاتا ہے اور اس کی ذمہ داری وزیر اعظم پر ہے ۔ وزیر اعظم ایک ایسی حکومت کی قیادت کررہے ہیں جو من مانی انداز میں کام کرتی ہے ۔ ملک کے امور میں وہ آمرانہ رویہ اختیار کرتے ہیں ۔ ان کی حکومت نے پسندیدہ مقام کی حیثیت سے ہنودستان کی شبیہ کو داغدار کیا ہے جس کی وجہ سے وہ بے لگام طاقتیں ہیں جنہیں مودی کی جانب سے تحفظ فراہم کیاجاتا ہے ۔ سیکولر ملک کی حیثیت سے ہندوستان کی ساکھ داغدار ہوچکی ہے ۔ کانگریس نے ملک میں بڑھتی ہوئی عدم رواداری کے لئے مودی حکومت ، بی جے پی اور اکی حلیف جماعتو کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ پی ٹی آئی کے بموجب کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کے اس تبصرہ پر نشانہ تنقید بنایا کہ ملک کے کسی بھی حصہ میں عدم رواداری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پارٹی نے کہا کہ وہ منافقانہ بیانات دے رہے ہیں اور خاموش تائید کررہے ہین ۔ بی جے پی کے ان بے لگام قائدین کے خلاف کارروائی کرنے میں انہیں کوئی رکاوٹ در پیش نہیں ہے ۔ آنند شرما نے کہا کہ وزیر اعظم کو یہ یاد دلانے کی ضرورت ہے کہ انہوں نے ان واقعات کی کبھی مذمت یا ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جن میں ان کے پارٹی رفیق، وزرائ، بی جے پی اور آرایس ایس قائدین ملوث رہے ہیں۔ آنند شرما نے کہا کہ مودی نے کبھی کوئی کارروائی نہیں کی ہے لہذا یہی نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ وہ ان حرکتوں کی خاموش تائید کررہے ہیں ۔ شرما نے وزیر اعظم کو بذات خود عدم روادار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا مخصوص اسٹائل ہے وہ منافقانہ باتیں کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جو کرتی ہے اور وزیر اعظم جو کہتے ہیں اس سے بڑا تضاد اور کوئی نہیں ہوسکتا ۔ وزیر اعظم نے باہر جو کچھ کہا ہے اس کے بارے میں اگر وہ سنجیدہ ہیں تو فرقہ وارانہ بیانات دینے والے قصور وار وزراء کو ہٹانے سے وزیرا عظم کو کون سی چیز روک رہی ہے ۔ بی جے پی عہدیداروں اور آرایس ایس قائدین کو جنہیں ماخوذ کیا گیا ہے اور جو بے نقاب ہوچکے ہیں ۔، انہیں ہٹانے کا مطالبہ کرنے سے کس چیز نے نریندر مودی کو روکا ہے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ مودی یہ دعوے کررہے ہیں کہ انہوں نے ملک کی ساکھ بحال کی ہے لیکن ان کے وزیر اعظم بننے سے پہلے بھی ہندوستان کی بات احترام سے سنی جاتی تھی۔

Intolerance Remark: Congress Accuses Modi of 'Doublespeak'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں