ہند پاک بزنس فورم اجلاس - سیکوریٹی وجوہات کی بناء پر ملتوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-23

ہند پاک بزنس فورم اجلاس - سیکوریٹی وجوہات کی بناء پر ملتوی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان و پاکستان کے بزنس قائدین کا دو روزہ اجلاس جس کا یہاں30نومبر سے آغاز مقرر تھا اسے پڑوسی ملک کی سیکوریٹی تشویش کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے ۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ وفد کے ارکان نے پاکستانی غزل گلو کار غلام علی کے شوز کے بارے میں تنازعہ کی روشنی میں سیکوریٹی مسائل کے بارے میں تشویش ظاہر کی ہے ۔ پاکستانی وفد نے یہاں ان کے دورہ کے دوران اپنے ارکان کی سلامتی کے بارے میں ہندوستانی حکومت سے تیقن چاہا ، لیکن ہندوستان کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا، کیوں کہ قائدین انڈسٹری چیمبر سی آئی آئی کی دعوت پر دورہ کرتے ہیں ۔ ہند۔ پاک مشترکہ بزنس فورم اجلاس رواں ماہ کے آخری ہفتہ میں مقرر تھا، لیکن اسے ملتوی کردیا گیا ہے ۔ اب یہ چند ماہ بعد ہی ہوسکتا ہے ۔ یہ بات انڈسٹری ذرائع نے بتائی ۔ حال ہی میں غلام علی کا ایک میوزک کنسرٹ جو ممبئی میں منعقد ہونے والا تھا ، شیو سینا کے احتجاج کے بعد اسے منسوخ کردیا گیا ۔ بعد ازاں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) حکومت نے گلوکار کو دہلی مدعو کیا لیکن حال ہی میں اس پروگرام کو بھی منسوخ کردینے کی خبر سامنے آئی ۔ علی نے کہا کہ فی الوقت موسیقی کے پروگرام کے لئے حالات سازگار نہیں ہیں۔ ادھر اکتوبر میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے امکانی طور پر احتجاج کا اندیشہ کرتے ہوئے انڈیا ساؤتھ افریقہ کے ون ڈے انٹر نیشنل میچ سے پاکستانی امپائر علیم ڈار کو ہٹالیا ۔ یہ میچ ممبئی میں کھیلا جانے والا تھا۔

Indo-Pak Business Forum meet deferred

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں